کراچی (پریس ریلیز) منگھوپیر ٹاؤن میونسپل کارپوریشن کی جانب سے 2025 میں فریضۂ حج ادا کرنے والے خوش نصیب حجاج کرام کے اعزاز میں ایک شاندار اور ایمان افروز استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس روحانی تقریب کی صدارت چیئرمین حاجی نواز علی بروہی نے کی، جنہوں نے ہر حاجی کو پھولوں کے ہار پہنائے، مبارکباد دی اور اُن کے جذبۂ ایمانی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
چیئرمین بروہی نے اپنے خطاب میں فرمایا:
"حج ایک ایسا فریضہ ہے جو رب کائنات صرف اپنے چُنے ہوئے بندوں کو عطا کرتا ہے۔ یہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ منگھوپیر کے کئی افراد کو اس سال یہ سعادت حاصل ہوئی۔"
تقریب میں حجاج کرام نے اپنے روحانی تجربات شیئر کیے، جن میں طوافِ بیت اللہ، وقوفِ عرفات، رمی جمرات، اور روضۂ رسول ﷺ کی زیارت جیسے ایمان افروز لمحات شامل تھے۔ انہوں نے امت مسلمہ، پاکستان اور منگھوپیر کے عوام کی سلامتی، ترقی اور اتحاد کے لیے خصوصی دعائیں بھی کیں۔
اس موقع پر مذہبی، سماجی، سیاسی شخصیات، ٹاؤن افسران اور عوام کی بڑی تعداد موجود تھی۔ چیئرمین بروہی نے تمام مہمانوں سے فرداً فرداً ملاقات کی اور ان کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے مزید کہا:
"منگھوپیر ٹاؤن میں ہم صرف انفراسٹرکچر نہیں، بلکہ دینی اقدار، روحانی ترقی اور اخلاقی تربیت کو بھی اپنی ذمہ داری سمجھتے ہیں۔"
تقریب کے اختتام پر ملک و ملت کی سلامتی اور امتِ مسلمہ کے اتحاد کے لیے خصوصی اجتماعی دعا کی گئی۔ حجاج کرام نے چیئرمین بروہی کے خلوص اور عزت افزائی پر شکریہ ادا کیا اور اسے ایک یادگار لمحہ قرار دیا۔