کراچی :جولائی 2025:
نیو کراچی ٹاؤن میں عوامی سہولت اور تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے برساتی نالوں پر قائم خستہ حال گزرگاہوں (پُلیہ) کی ازسرنو تعمیر جاری ہے۔ چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے سیکٹر 5-G اور سیکٹر 11-G کے درمیان برساتی نالے پر نئی پُل کی تعمیر کا معائنہ کیا۔
اس موقع پر ڈائریکٹر بی اینڈ آر اشتیاق حسین، انجینئر ساجد صدیقی، انجینئر صفدر حسین اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔ چیئرمین محمد یوسف نے ہدایت دی کہ تعمیراتی کام میں استعمال ہونے والے مٹیریل کا معیار اعلیٰ ہو تاکہ عوام کو طویل مدت تک فائدہ پہنچے۔
انہوں نے کہا کہ 7000 روڈ سے متصل نالے پر دو مقامات پر پُلوں کی حالت خستہ ہو چکی تھی، جہاں کسی بھی وقت ناخوشگوار واقعہ پیش آ سکتا تھا۔ عوامی شکایات کو مدنظر رکھتے ہوئے فوری اقدامات کیے گئے اور متعلقہ محکمے کو ہدایات جاری کی گئیں، جس کے بعد پُلیہ کی تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے۔
چیئرمین نے مزید کہا کہ سابقہ بلدیاتی نمائندوں نے عوامی مسائل کو نظرانداز کیا، جبکہ جماعت اسلامی کے منتخب نمائندے عوامی خدمت کو اولین ترجیح دے رہے ہیں۔ ان کی کاوشوں سے نیو کراچی ٹاؤن میں بلدیاتی مسائل مرحلہ وار حل ہو رہے ہیں۔ ہم پرعزم ہیں کہ جلد ہی نیو کراچی ٹاؤن کو مسائل سے پاک، مثالی علاقہ بنا دیا جائے گا۔