کراچی (اسٹاف رپورٹر) میونسپل کمشنر صدر ٹاؤن آصف علی مٹھانی نے صدر ٹاؤن کے تمام دفاتر کا اچانک دورہ کیا، جہاں انہوں نے ملازمین کی حاضری اور دفتری نظم و ضبط کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دورے کے دوران ان کے ہمراہ ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن محمد رئیسی، ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن جمشید اور محکمہ جاتی افسران موجود تھے۔
میونسپل کمشنر نے افسران کو ہدایت کی کہ عوامی شکایات کا بروقت اور مؤثر ازالہ یقینی بنایا جائے اور شہری سہولتوں کی فراہمی میں مزید بہتری لائی جائے۔
“سرکاری ملازمین اپنی ذمہ داریاں ایمانداری، دیانت اور وقت کی پابندی کے ساتھ انجام دیں تاکہ شہریوں کو بہتر اور معیاری خدمات فراہم کی جا سکیں۔”
انہوں نے غیر حاضر عملے کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ حاضری کے نظام کو مؤثر بنایا جائے اور کارکردگی کی باقاعدہ نگرانی کی جائے۔
آخر میں انہوں نے کہا کہ صدر ٹاؤن کی بہتری کے لیے تمام محکموں کو مشترکہ حکمت عملی کے ساتھ کام کرنا ہوگا، کیونکہ عوامی خدمت ہی ہمارا اصل مشن ہے۔