سچل سرمست کے 205ویں عرس مبارک کا افتتاح، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے مزار پر چادر چڑھائی
خیرپور میں سچل سرمست کے عرس کی سرکاری تقریبات کا آغاز
خیرپور: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سندھ کے عظیم صوفی بزرگ، انسانیت کے علمبردار اور ہفت زبان شاعر سخی عبدالوهاب المعروف سچل سرمستؒ کے سالانہ 205ویں عرس مبارک کی سرکاری تقریبات کا افتتاح کیا۔
یہ بھی پڑھیں
وزیراعلیٰ نے درگاہ کے سجادہ نشین خواجہ عبدالحق فاروقی کے ہمراہ مزار مبارک پر چادر چڑھائی اور ملک، قوم اور عالم اسلام کی سلامتی کے لیے دعا کی۔ اس موقع پر محکمہ اوقاف کی جانب سے غریب اور مستحق خواتین میں کپڑے بھی تقسیم کیے گئے۔
صوبائی وزراء اور حکام کی شرکت
تقریب میں صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ، سید ذوالفقار علی شاہ، سید ریاض حسین شاہ شیرازی، نواب خان وسان، ایم پی اے ہالار خان وسان، آغا شہباز خان درانی، خواجہ نظر الحق فاروقی سمیت کئی سیاسی و سرکاری شخصیات بھی موجود تھیں۔
بعد ازاں وزیراعلیٰ درگاہ کے سجادہ نشین کی رہائش گاہ بھی گئے جہاں انہیں اجرک اور یادگاری شیلڈ پیش کی گئی جبکہ دیگر مہمانوں کو بھی سچل سرمست کے عرس کی مناسبت سے یادگاری شیلڈز دی گئیں۔
"حضرت سچل سرمست کی درگاہ پر حاضری دے کر ملک، قوم اور عالم اسلام کے امن اور سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئی ہیں۔"
وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خطے کی موجودہ صورتحال تشویشناک ہے اور مسلمانوں کے اتحاد اور امن کے لیے دعائیں کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے انفراسٹرکچر منصوبوں پر کام جاری رکھے ہوئے ہے جبکہ سندھ میں موٹروے منصوبوں کے حوالے سے وفاق سے مسلسل رابطہ جاری ہے۔
تقریب کے اختتام پر سچل سرمست کے فقیران نے روایتی انداز میں “سچل جو سُنگ” پیش کیا جس میں بڑی تعداد میں زائرین نے شرکت کی۔