کراچی (اسٹاف رپورٹر) — وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی خصوصی ہدایت پر خیرپور کے علاقے میں ڈاکوؤں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور پولیس آپریشن کیا گیا، جس کے نتیجے میں 12 مغویوں کو بازیاب کرا لیا گیا۔ ترجمان وزیراعلیٰ سندھ عبدالرشید چنا کے مطابق آپریشن وزیراعلیٰ کی براہِ راست نگرانی میں انجام پایا۔
ڈکیتوں کے خلاف آپریشن جاری رکھنے کا حکم
وزیراعلیٰ سندھ نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی ہے کہ ڈاکوؤں، اغوا کاروں اور قانون شکنوں کے خلاف کارروائی بلا تعطل جاری رکھی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ حکومتِ سندھ کی اولین ترجیح ہے، اور اس معاملے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
سندھ پولیس کی کامیاب کارروائی پر وزیراعلیٰ کا اظہار اطمینان
مراد علی شاہ نے پولیس اور متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مغوی افراد کی بحفاظت بازیابی کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پیشہ ورانہ مہارت کا ثبوت قرار دیا۔ انہوں نے عوام سے تعاون کی اپیل بھی کی تاکہ ایسے عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جا سکے۔