سی ویو کراچی پر سعید غنی کی قیادت میں یومِ تشکر کی مرکزی تقریب، ہزاروں کارکنان شریک ہوں گے
کراچی (اسٹاف رپورٹر) — وزیر بلدیات سندھ اور پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر سعید غنی نے اعلان کیا ہے کہ 15 مئی 2025 بروز جمعرات کو کراچی میں ’’یومِ تشکر‘‘ منایا جائے گا۔ یہ دن پاک فوج کی بھارتی جارحیت کے خلاف کامیاب دفاع اور شاندار کارکردگی کے اعتراف میں منایا جا رہا ہے۔
سعید غنی نے کہا کہ مرکزی تقریب سی ویو پر یادگارِ پاکستان پر شام 6 بجے منعقد ہوگی جس میں پیپلز پارٹی کے ہزاروں کارکنان، عہدیداران اور شہری شرکت کریں گے۔ تمام اضلاع سے ریلیوں کی صورت میں شرکت کو یقینی بنایا جائے گا۔
سعید غنی کی زیرِ صدارت اجلاس میں یوم تشکر کی تیاریوں کا جائزہ
بدھ کے روز منعقدہ اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے سعید غنی نے تمام ذیلی تنظیموں اور پارٹی رہنماؤں کو ہدایت کی کہ تمام ریلیاں اپنے مقررہ راستوں سے سی ویو پہنچیں۔ اجلاس میں جنرل سیکریٹری جاوید ناگوری، وزیر شاہینہ شیر علی، ضلعی صدور، جنرل سیکرٹریز، ٹاؤن چیئرمینز اور دیگر تنظیمی رہنما شریک تھے۔
سعید غنی: ’’یادگارِ پاکستان پر قومی نغمے، آتشبازی اور عوامی جوش و خروش ہوگا‘‘
سعید غنی نے کہا کہ 40 فٹ طویل فلوٹ سے آتشبازی، قومی نغموں کی گونج، اور ہزاروں کارکنان کی شرکت یومِ تشکر کو یادگار بنائے گی۔ کراچی کی عوام اس دن کو قومی فخر کے طور پر منائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ ملکی سلامتی اور افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی رہی ہے۔ سندھ بھر میں یومِ تشکر کی تقریبات پی پی پی کے جذبے کی عکاسی ہوں گی۔