کراچی (اسٹاف رپورٹر) : الحمدللہ! آج 16 مئی پورے پاکستان میں افواج پاکستان کی ہندوستان کی حالیہ جارحیت کے خلاف تاریخی فتح کے موقع پر یوم تشکر منایا جا رہا ہے۔ افواج پاکستان نے آپریشن بنیان مرصوص کے تحت دشمن کو شکست فاش دے کر نہ صرف ملک کی سالمیت کو یقینی بنایا بلکہ پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا اور دشمن کا غرور خاک میں ملا دیا۔
ہم دل کی گہرائیوں سے ان بہادر سپاہیوں، جوانوں، افسروں اور شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنی بے مثال شجاعت اور قربانیوں سے دشمن کو ناکوں چنے چبوا دیے۔ یہ فتح صرف ایک جنگ کی جیت نہیں بلکہ پوری امت مسلمہ کی غیرت، اتحاد اور ایمان کی فتح ہے۔
پورا ملک اپنی مسلح افواج کے ساتھ کھڑا ہے اور ان کی بے مثال کارکردگی پر دل و جان سے شکر گزار ہے، جنہوں نے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا کر امن و سلامتی کا علم بلند کیا ہے۔ یہ دن جشن نہیں بلکہ یوم تشکر ہے کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں دشمن کے خلاف کامیابی سے نوازا۔
یوم تشکر کے موقع پر ہیڈکوارٹر پاکستان کوسٹ گارڈز کی مسجد میں نماز فجر کے بعد قرآن خوانی کی گئی، اور اس کے بعد پاکستان کا پرچم فضا میں بلند کیا گیا۔ یادگار شہداء پر پھول چڑھائے گئے اور اس تاریخی فتح پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا گیا۔
افواج پاکستان زندہ باد!
پاکستان ہمیشہ زندہ باد!