چئرمین لانڈھی عبدالجمیل خان کا آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر اظہارِ خوشی

 مسلح افواج نے اسلام و کفر کے درمیان تاریخی معرکہ جیت کر دو قومی نظریے کو دوام بخشا

لانڈھی میں یوم تشکر کے موقع پر چئرمین عبدالجمیل خان مسلح افواج کی کامیابی پر خطاب کر رہے ہیں، اسسٹنٹ کمشنر اور دیگر عہدیداران بھی موجود ہیں۔

کراچی (خصوصی رپورٹر) : چئرمین لانڈھی عبدالجمیل خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج نے بھارتی جارحیت کے خلاف شاندار کامیابی حاصل کر کے دو قومی نظریے کو نئی زندگی دی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ لڑائی صرف ہندوستان اور پاکستان کی نہیں بلکہ اسلام اور کفر کے درمیان ایک عظیم معرکہ تھی، جس میں اسلام کے جذبے سے سرشار پاکستانی فوج نے فتح حاصل کی۔

عبدالجمیل خان نے محکمہ تعلیم لانڈھی ٹاؤن کے تحت بھارتی جارحیت کے خلاف منعقدہ "یوم تشکر" پروگرام کے دوران کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی نہ صرف مسلح افواج کی بلکہ پورے پاکستانی قوم کی فتح ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم نے دشمن کے خلاف مضبوطی اور اتحاد کا مظاہرہ کیا ہے اور یہ قوم ہمیشہ اپنے بہادر سپاہیوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر لانڈھی سید عون عباس، وائس چئیرمین محمد عمران، ڈائریکٹر ایجوکیشن فہد عباسی، ڈپٹی ڈائریکٹر شاہد حسین، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایجوکیشن محمد عظیم اور دیگر بھی موجود تھے۔

وائس چئیرمین محمد عمران نے کہا کہ مسلح افواج نے بھارتی اشتعال انگیزی کا بھرپور اور پیشہ ورانہ انداز میں جواب دیا ہے، جسے عالمی برادری نے سراہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے صبر و تحمل اور آپریشنل مہارت کو دنیا نے تسلیم کیا ہے۔

ڈائریکٹر ایجوکیشن فہد عباسی نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ پرامن ملک رہا ہے اور جارحیت کا کوئی خواہشمند نہیں، مگر اپنی خود مختاری اور سرزمین کی حفاظت کے لیے ہر قسم کی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کے لیے تیار ہے۔

 

ایک تبصرہ شائع کریں

جدید تر اس سے پرانی