کراچی: کمشنر سید حسن نقوی کا منگھوپیر ہیلتھ سینٹر کا دورہ، پولیو مہم کے انتظامات کا جائزہ

 

کمشنر کراچی سید حسن نقوی منگھوپیر ہیلتھ سینٹر میں پولیو مہم کی نگرانی کرتے ہوئے

کراچی (پ ر) – قومی پولیو مہم کے سلسلے میں کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے منگھوپیر ٹاؤن کا اہم دورہ کیا، جہاں انہوں نے اربن اور رورل ہیلتھ سینٹرز کے پولیو مہم کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ چیئرمین ٹاؤن میونسپل کارپوریشن منگھوپیر حاجی نواز علی بروہی، ڈپٹی کمشنر ویسٹ ذوالفقار میمن، اسسٹنٹ کمشنر منگھوپیر اصف سومرو، ڈی ایچ او، پولیو پروگرام کے نمائندے، اور دیگر سرکاری افسران موجود تھے۔

کمشنر کراچی نے پولیو ٹیموں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پولیو کا مکمل خاتمہ صرف مربوط، منظم اور نیک نیتی پر مبنی کوششوں سے ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی جیسے میگا سٹی میں پولیو جیسے خطرناک وائرس کے خاتمے کے لیے ایک مستحکم حکمتِ عملی، ٹیم ورک اور عوامی شمولیت انتہائی ضروری ہے۔

چیئرمین حاجی نواز علی بروہی نے اس موقع پر کہا کہ منگھوپیر ٹاؤن میں صحت عامہ کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے اور پولیو مہم کو بھرپور انداز میں کامیاب بنانے کے لیے ہر سطح پر نگرانی کا نظام مؤثر بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا: "یہ صرف ایک مہم نہیں بلکہ ہماری آئندہ نسلوں کی صحت کا سوال ہے۔ ہر بچے تک پولیو ویکسین پہنچانا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔"

ڈپٹی کمشنر ویسٹ ذوالفقار میمن اور اسسٹنٹ کمشنر اصف سومرو نے بھی موقع پر موجود رہ کر ٹیموں کے انتظامات کا جائزہ لیا اور ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کا یقین دلایا۔ ڈی ایچ او اور پولیو پروگرام کے سربراہان نے بریفنگ میں بتایا کہ حالیہ مہم میں کچی آبادیوں، پہاڑی بستیوں اور پسماندہ علاقوں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، تاکہ کوئی بچہ پولیو کے قطرے پینے سے محروم نہ رہ جائے۔

پولیو مہم کے دوران سندھ پولیس، ڈی سی آفس ویسٹ اور میونسپل افسران کی موجودگی اس بات کا ثبوت ہے کہ پولیو کے خاتمے کے لیے تمام متعلقہ ادارے ایک پیج پر ہیں۔

منگھوپیر میں جاری یہ سرگرمی پورے کراچی کے لیے ایک مثبت مثال بن کر سامنے آئی ہے، جہاں عزم، قیادت اور خدمت کا عملی مظاہرہ کیا جا رہا ہے۔

ایک تبصرہ شائع کریں

جدید تر اس سے پرانی