کراچی (رپورٹ: فاروق احمد) — عیدالاضحی کی آمد کے ساتھ ہی نیو کراچی ٹاؤن کی جانب سے قائم کردہ پہلی مویشی منڈی کا چیئرمین محمد یوسف نے تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر، چیئرمین یوسی 10 فیصل قاری اور دیگر بلدیاتی افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
دورے میں چیئرمین نے ٹی ایم سی مویشی منڈی کے صفائی انتظامات، روشنی، پانی، بیوپاریوں کے لیے سہولیات، پارکنگ ایریاز، اور خریداروں کے لیے مہیا کردہ بنیادی خدمات کا جائزہ لیا۔ چیئرمین نے منڈی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ شہریوں کو خریداری کے دوران کسی قسم کی دشواری نہ ہو، داخلی و خارجی راستے کھلے رکھے جائیں، روشنی اور پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے، جبکہ صفائی کا نظام مسلسل فعال رہے۔
محمد یوسف نے جانوروں کے بیوپاریوں سے بھی ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے۔ انہوں نے کہا کہ قربانی کے اس اہم فریضے میں عوام کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنا نیو کراچی ٹاؤن کی ترجیح ہے۔ دورے کے دوران منڈی میں موجود شہریوں اور بیوپاریوں نے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ آنے والے دنوں میں سہولیات مزید بہتر ہوں گی۔
واضح رہے کہ یہ مویشی منڈی نارتھ کراچی کے سیکٹر 11-I، سابقہ بدھ بازار گراؤنڈ میں قائم کی گئی ہے، جہاں ہزاروں قربانی کے جانور فروخت کے لیے لائے جا رہے ہیں۔