📰 گڈاپ ٹاؤن انتظامیہ کا محرم الحرام کے انتظامات کا جائزہ، چیئرمین حاجی طارق عزیز بلوچ کی قیادت میں اہم دورہ

Gadap Town Chairman Haji Tariq Aziz Baloch inspects Muharram arrangements at Imambargahs in UC Pipri, Karachi.

کراچی (اسٹاف رپورٹر)
ٹاؤن میونسپل کارپوریشن (ٹی ایم سی) گڈاپ کے چیئرمین حاجی طارق عزیز بلوچ اور میونسپل کمشنر احمد یار نے یوسی پپری میں واقع امام بارگاہوں اور محرم الحرام کے جلوسوں کی گزرگاہوں کا دورہ کیا۔ اس اہم دورے کا مقصد جلوس کے راستوں کو ہر قسم کی رکاوٹوں سے پاک کرنا، صفائی ستھرائی، روشنی اور نکاسی آب جیسے انتظامات کا جائزہ لینا تھا۔

اس موقع پر پارلیمانی لیڈر میر عباس ٹالپور، کونسل ممبر علی محمد گبول، یوسی پپری کے چیئر مین عظمت لونڈ اور دیگر بلدیاتی نمائندگان بھی موجود تھے۔
چیئرمین طارق عزیز بلوچ نے کہا کہ:

“محرم الحرام کا مقدس مہینہ ہمیں صبر، احترام اور نظم و ضبط کا پیغام دیتا ہے۔ گڈاپ ٹاؤن کی انتظامیہ اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر عزادارانِ حسینؑ کو سہولیات فراہم کر رہی ہے، اور کسی بھی قسم کی غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔”

میونسپل کمشنر احمد یار نے بتایا کہ:

“تمام افسران اور عملہ محرم الحرام کے انتظامات کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کر رہے ہیں، خاص طور پر صفائی، روشنی، اور نکاسی آب کے انتظامات پر بھرپور توجہ دی جا رہی ہے تاکہ تمام جلوس اور مجالس بخیر و خوبی منعقد ہو سکیں۔”

میر عباس ٹالپور نے بھی اس موقع پر انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ گڈاپ ٹاؤن نے ہمیشہ محرم الحرام میں مثالی کردار ادا کیا ہے اور عوامی خدمت کو اپنا شعار بنایا ہے۔

کونسل ممبر علی محمد گبول نے کہا کہ امام بارگاہوں کے اطراف میں صفائی، سیکیورٹی اور لائٹس کا مکمل بندوبست کیا جا رہا ہے اور انتظامیہ سے قریبی رابطے میں ہیں تاکہ کسی بھی قسم کی پریشانی نہ ہو۔

اس موقع پر ڈائریکٹر سینیٹیشن اشرف بلوچ، ڈائریکٹر انفارمیشن رضوان صابر، ڈپٹی ڈائریکٹر سینیٹیشن محمد افضل لغاری اور علاقائی شخصیات جیسے آصف علی پھٹان، کاشف علی پھٹان، یونس عمراٹی، رب نواز، سینیٹیشن انچارج علی پلیجو، شانی پرویز، پی ایس چیئر مین لعل جان نبی بھی موجود تھے۔

گڈاپ ٹاؤن انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں تاکہ محرم الحرام کے جلوس پرامن، منظم اور صاف ستھرے ماحول میں اختتام پذیر ہو سکیں۔

ایک تبصرہ شائع کریں

جدید تر اس سے پرانی