کراچی (اسٹاف رپورٹر):
کراچی ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن (وائی ڈی اے) سندھ نے محکمہ صحت سندھ کے ڈائریکٹر زبیر سومرو کی جانب سے شعبہ صحت میں مؤثر انتظامی نگرانی، شفافیت اور احتساب کے نظام کو بہتر بنانے کے اقدامات پر زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔ وائی ڈی اے کے مطابق زبیر سومرو کی پیشہ ورانہ لگن، دیانتداری اور قائدانہ صلاحیتیں سندھ بھر میں طبی اداروں کی کارکردگی کو بہتر بنانے میں اہم سنگ میل ثابت ہوئی ہیں۔
اس حوالے سے وائی ڈی اے سندھ کے چیئرمین ڈاکٹر محبوب نوناری، صدر کراچی ڈاکٹر شہریار رضا، اور جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (جے پی ایم سی) سے ڈاکٹر عمار دانش پر مشتمل ایک اعلیٰ سطحی وفد نے محکمہ صحت کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر مانیٹرنگ اینڈ ایویلوایشن ڈاکٹر فہیم سومرو سے ملاقات کی۔
ڈائریکٹوریٹ آف انسپیکشن اینڈ سرویلنس اتھارٹی (DISA) میں اصلاحات پر بات چیت
اس ملاقات میں ڈائریکٹوریٹ آف انسپیکشن اینڈ سرویلنس اتھارٹی (DISA) میں موجود انتظامی چیلنجز، قانونی عمل درآمد اور اصلاحاتی تجاویز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ فریقین نے شعبہ صحت میں قانون کی بالا دستی اور مؤثر نگرانی کے نظام کو فعال کرنے پر اتفاق کیا۔
عطائیت کے خلاف وائی ڈی اے کا سخت مؤقف
وائی ڈی اے سندھ کی قیادت نے عطائیت (Quackery) کے بڑھتے ہوئے رجحان پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے واضح مؤقف اختیار کیا ہے کہ تنظیم ایسے کسی بھی فرد یا گروہ کی حمایت نہیں کرے گی جو وائی ڈی اے کے نام یا سفارش کا غیر تربیت یافتہ افراد کو فائدہ پہنچانے کے لیے استعمال کرے۔
وائی ڈی اے نے ہیلتھ کیئر کمیشن (HCC) کو مکمل اختیار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ عطائیوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے، جس میں گرفتاری اور کلینک سیل کرنا بھی شامل ہو۔
عوام اور ڈاکٹروں سے عطائیت کے خاتمے میں تعاون کی اپیل
وائی ڈی اے نے تمام طبی ماہرین، ڈاکٹرز اور عام شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ عطائیوں کی نشاندہی کریں اور متعلقہ اداروں کو رپورٹ کریں۔ صحت عامہ کا تحفظ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، اور غیر تربیت یافتہ افراد کے خلاف موثر اقدامات اس مقصد کے لیے ضروری ہیں۔