کراچی (اسٹاف رپورٹر):
منگھوپیر ٹاؤن کی یونین کونسل نمبر 2 میں واقع فٹبال گراؤنڈ (گرم چشمہ کے قریب) میں 3 اگست 2025ء کو منعقد ہونے والے روایتی اور ثقافتی کھیل "ملاکڑا" کے سالانہ مقابلے کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر ضلع غربی ذوالفقار علی میمن اور چیئرمین منگھوپیر ٹاؤن حاجی نواز علی بروہی نے موقع پر پہنچ کر انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دورے میں وائس چیئرمین رانا محمد عارف، صدر پیپلز پارٹی ڈسٹرکٹ ویسٹ عابد ستی، انفارمیشن سیکریٹری علی اکبر کاچیلو، اور معروف سماجی رہنما اعظم مینگل اور شکور مینگل بھی موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر ذوالفقار علی میمن نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ ملاکڑا جیسا ثقافتی ورثہ نہ صرف علاقائی روایت کا مظہر ہے بلکہ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں میں مصروف رکھنے کا ایک مؤثر ذریعہ بھی ہے۔ انہوں نے سیکیورٹی، صفائی، روشنی، ٹریفک کی روانی اور میڈیکل ایمرجنسی سمیت تمام سہولیات کے بروقت اور مکمل انتظامات کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔
چیئرمین حاجی نواز علی بروہی نے کہا کہ منگھوپیر میں ثقافتی و تفریحی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے ٹاؤن انتظامیہ بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔ ملاکڑا کے اس ایونٹ سے لوک روایات کو زندہ رکھنے میں مدد ملے گی اور عوامی اتحاد و ہم آہنگی کا پیغام بھی دیا جائے گا۔
تقریب کی کامیاب انعقاد کے لیے گراؤنڈ کی ہمواری، پانی کی فراہمی، سیکیورٹی پلان، کھلاڑیوں کی سہولیات اور تماشائیوں کے لیے بیٹھنے کے انتظامات کی تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔ معزز مہمانوں نے تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ ایونٹ منگھوپیر کی ثقافتی شناخت کو مزید مضبوط بنائے گا۔