کراچی (اسپورٹس رپورٹر): نیا ناظم آباد جمخانہ میں رنگ برنگی کھیل سے وابستہ لیجنڈ کھلاڑیوں نے نئے اسنوکر کلب کا افتتاح کردیا۔ افتتاحی تقریب میں موجودہ عالمی اسنوکر چیمپئن محمد آصف، سابق عالمی چیمپئن محمد یوسف، ایشیئن جونیئر چیمپئن حسنین اختر اور سابق قومی چیمپئن اسجد اقبال نے خصوصی شرکت کی۔
مہمانوں نے ربن کاٹ کر اسنوکر ہال کا باضابطہ افتتاح کیا اور کچھ دیر تک دوستانہ میچ بھی کھیلا۔ اسنوکر کلب میں عالمی معیار کی چار اسنوکر ٹیبلز نصب کی گئی ہیں جن پر مستقبل میں قومی و بین الاقوامی مقابلے منعقد کیے جائیں گے۔
سابق عالمی چیمپئن محمد یوسف نے اپنے تاثرات میں کہا:
"نیا ناظم آباد میں کھیلوں کی بہترین سہولیات دیکھ کر خوشی ہوئی۔ یہ اسنوکر کلب شہر کے لیے ایک خوبصورت اضافہ ہے۔ ہماری خواہش ہے کہ یہاں ایک اسنوکر اکیڈمی بھی قائم ہو جہاں ہم کھلاڑیوں کی کوچنگ کرسکیں۔"
موجودہ عالمی چیمپئن محمد آصف نے کہا کہ وہ پہلی مرتبہ نیا ناظم آباد آئے ہیں اور یہاں کے اسپورٹس کمپلیکس نے انہیں متاثر کیا ہے۔ انہوں نے نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ ایسی عالمی معیار کی سہولیات سے پورا فائدہ اٹھایا جائے۔
چیف ایگزیکٹو آفیسر نیا ناظم آباد عبدالصمد حبیب نے کہا کہ اسپورٹس سٹی کا خواب عارف حبیب کا ویژن تھا جو اب حقیقی صورت اختیار کرچکا ہے۔
"وہ وقت دور نہیں جب یہاں قومی ہی نہیں بلکہ بین الاقوامی اسنوکر ایونٹس بھی منعقد ہوں گے۔ ہم پاکستان اسنوکر فیڈریشن کے تعاون سے جلد علی اصغر ولیکا میموریل اسنوکر ٹورنامنٹ بھی منعقد کریں گے۔"
تقریب میں صدر نیا ناظم آباد جمخانہ سید محمد طلحہ، اسپورٹس آفیسر ڈسٹرکٹ سینٹرل حاجرہ نواب، منیجر اسپورٹس محمد آصف اور سینئر منیجر راحیل کریم سمیت دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔ تقریب کے آخر میں خصوصی اسنوکر کیک کاٹا گیا۔