منگھوپیر ٹاؤن کی سالانہ کارکردگی رپورٹ کا جائزہ، کمشنر کراچی کی زیرِ صدارت اہم اجلاس

Manghopir Town Annual Performance Review Meeting Karachi Commissioner Karachi reviewing Manghopir Town annual performance report

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ٹاؤن میونسپل کارپوریشن منگھوپیر کے مطابق ڈپٹی کمشنر ویسٹ کے دفتر میں کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی زیرِ صدارت ایک نہایت اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں منگھوپیر ٹاؤن کی سالانہ کارکردگی رپورٹ پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ اجلاس میں چیئرمین منگھوپیر ٹاؤن حاجی نواز علی بروہی، میونسپل کمشنر آغا خلیق اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں کمشنر کراچی نے ٹاؤن کی آمدنی، سالانہ اخراجات، اور ترقیاتی منصوبوں کی رفتار سے متعلق تفصیلی بریفنگ طلب کی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تمام مالیاتی امور میں شفافیت، بروقت آڈٹ اور درست ریکارڈنگ یقینی بنائی جائے تاکہ عوامی فنڈز درست سمت میں استعمال ہوں۔

چیئرمین حاجی نواز علی بروہی نے بتایا کہ منگھوپیر ٹاؤن میں گزشتہ سال کے دوران صفائی ستھرائی، سڑکوں کی بحالی، سیوریج لائنوں کی مرمت اور عوامی سہولتوں کی فراہمی کے متعدد منصوبے مکمل کیے جا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ روڈ کٹنگ فیس، پراپرٹی ٹیکس، ٹریڈ لائسنس اور UIPT سے حاصل ہونے والی آمدنی کو ترقیاتی منصوبوں میں باقاعدہ استعمال کیا جا رہا ہے اور مکمل شفافیت برقرار رکھی گئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ٹاؤن میں ماحولیاتی بہتری کے لیے بڑے پیمانے پر شجرکاری مہم جاری ہے، جس کا مقصد فضائی آلودگی میں کمی اور شہر میں صاف ستھرا ماحول پیدا کرنا ہے۔ تعلیم، کھیلوں کے فروغ اور صفائی مہمات بھی جاری ہیں۔

کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے ٹاؤن انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ منگھوپیر ٹاؤن میں انتظامی نظم، مالی شفافیت اور عملی خدمت کا جذبہ قابلِ تعریف ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹاؤن کو ماڈل ٹاؤن بنانے کے لیے ریونیو نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی ضرورت ہے۔

اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ روڈ کٹنگ، پراپرٹی ٹیکس، ٹریڈ لائسنس اور UIPT کے ریکارڈ کا تفصیلی آڈٹ کیا جائے گا اور آئندہ سال کا بجٹ انہی شفاف اعداد و شمار کی بنیاد پر تیار کیا جائے گا۔

اجلاس خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوا جہاں تمام شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ منگھوپیر ٹاؤن کی ترقی اور عوامی فلاح کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رہیں گی۔

جاری کردہ: محکمۂ اطلاعات و تعلقاتِ عامہ، ٹاؤن میونسپل کارپوریشن منگھوپیر

ایک تبصرہ شائع کریں

جدید تر اس سے پرانی