Peoples Tv Pakistan

نیو کراچی سیکٹر 11-J کی 25 گلیوں میں پیور بلاکس کی تنصیب مکمل، چیئرمین محمد یوسف

نیو کراچی سیکٹر 11-J کی 25 گلیوں میں پیور بلاکس کی تنصیب مکمل

چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف
مورخہ: 15 دسمبر 2025
New Karachi Town, Muhammad Yousuf Chairman, Sector 11-J Development, Paver Blocks Karachi, Local Government Karachi, JI Local Bodies

چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے سیکٹر 11-J میں 25 گلیوں میں پیور بلاکس کی تنصیب مکمل ہونے پر ایک پروقار تقریب میں افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ترقی کا یہ سفر یہیں ختم نہیں ہوگا بلکہ آئندہ مرحلے میں گلیوں کو روشن کرنے کے لیے جدید اسٹریٹ لائٹس بھی نصب کی جائیں گی۔

انہوں نے بتایا کہ علاقے میں پانی اور سیوریج کے متعدد منصوبے پہلے ہی مکمل کیے جا چکے ہیں اور محدود وسائل کے باوجود عوام کو زیادہ سے زیادہ بلدیاتی سہولیات فراہم کرنے کی بھرپور کوشش کی جا رہی ہے۔

تقریب میں یوسی چیئرمین 11 غضنفر علی خان، وائس چیئرمین یوسی 11 عمران شفیق، ٹاؤن اسٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین عمران فقیر سمیت علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

“کراچی کے عوام ہر سطح پر ٹیکس دیتے ہیں، مگر بدقسمتی سے بنیادی سہولیات میسر نہیں۔ جماعتِ اسلامی بااختیار بلدیاتی نظام کی حامی ہے۔” — چیئرمین محمد یوسف

چیئرمین محمد یوسف نے کہا کہ کراچی اس وقت شدید پانی کے بحران کا شکار ہے اور سردیوں میں بھی کئی علاقوں میں لائنوں کے ذریعے پانی دستیاب نہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن میں گزشتہ ڈھائی برسوں کے دوران واٹر اینڈ سیوریج منصوبوں پر 9 کروڑ روپے خرچ کیے گئے اور 20 ہزار سے زائد گھروں تک صاف پانی پہنچایا گیا، جس سے ٹینکر مافیا کو شکست دی گئی۔

انہوں نے سندھ حکومت سے مطالبہ کیا کہ واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن اور سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کو بلدیاتی نمائندوں کے ماتحت کیا جائے کیونکہ عوام پانی، سیوریج اور صفائی کے مسائل پر اپنے منتخب نمائندوں سے رجوع کرتے ہیں۔

آخر میں چیئرمین محمد یوسف نے سیکٹر 11-J کے عوام سے اپیل کی کہ یہ تمام ترقیاتی کام عوام کے ٹیکس کے پیسے سے کیے گئے ہیں، لہٰذا ان کی حفاظت شہریوں کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ نوجوانوں اور اہلِ علاقہ کے لیے جلد ایک جدید اور معیاری پارک کی تعمیر کا آغاز کیا جائے گا۔

ایک تبصرہ شائع کریں

جدید تر اس سے پرانی