کراچی (رپورٹ: ظہور احمد سروہی)
قومی احتساب بیورو (نیب) کراچی نے انسدادِ بدعنوانی کے عالمی دن کے موقع پر آگاہی واک کا انعقاد کیا۔ یہ عالمی دن ہر سال 9 دسمبر کو اقوام متحدہ کے بدعنوانی کے خلاف کنونشن (UNCAC) کے تحت ’ بدعنوانی کے خلاف نوجوانوں کے ساتھ: روشن مستقبل کی تعمیر‘ کے عنوان سے منایا جاتا ہے۔
نیب کراچی نے اس دن کے حوالے سے اسکولوں، کالجوں، یونیورسٹیوں اور مقامی انتظامیہ کے تعاون سے آگاہی پروگرامز، مقابلوں اور سرگرمیوں کا بھی اہتمام کیا۔ آج اس سلسلے میں خصوصی آگاہی واک نکالی گئی جو چنکی منکی پارک سے شروع ہو کر نشانِ پاکستان پارک پر اختتام پذیر ہوئی۔
“کرپشن کے خلاف آگاہی اور عوامی شعور بیدار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ نیب کراچی زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں مزید تیز کر رہا ہے۔”
واک میں بڑی تعداد میں شہریوں کی شرکت
واک کی قیادت ڈی جی نیب کراچی نے کی جس میں اکیڈمیا، سندھ بوائز اسکاؤٹس، سرکاری اداروں کے افسران، نیب کے اہلکاروں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی۔
نوجوانوں کا کردار اہم ستون قرار
ڈی جی نیب کراچی نے کہا کہ نوجوان بدعنوانی کے خلاف جنگ میں بنیادی کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ نیب نے ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں Character Building Societies (CBS) قائم کی ہیں۔
میڈیا کے کردار کی تعریف
ڈی جی نیب کراچی نے میڈیا کو کرپشن بے نقاب کرنے میں ایک مضبوط ستون قرار دیتے ہوئے کہا کہ تفتیشی صحافت کرپشن کے خلاف جہاد ہے اور نیب اس کوشش کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
سرٹیفکیٹس کی تقسیم
تقریب کے اختتام پر نیب کراچی کے افسران و اہلکاروں میں 2025 کی بہترین کارکردگی پر میرٹ سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے۔
آخر میں ڈی جی نیب کراچی شکیل احمد درانی (PSP) نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور کرپشن کے خلاف آواز بلند کرنے پر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔