متوقع بارشوں کے پیش نظر ماڑی پور ٹاؤن میں ایمرجنسی نافذ
چیئرمین ہمایوں محمد خان کی صفائی، نکاسی آب اور چوکنگ پوائنٹس کلیئر کرنے کی ہدایت
کراچی: نمائندہ خصوصی
ماڑی پور ٹاؤن کے چیئرمین ہمایوں محمد خان نے متوقع بارشوں کے پیش نظر تمام متعلقہ محکموں کے افسران کے ساتھ اہم اجلاس منعقد کیا، جس میں ٹاؤن بھر میں صفائی ستھرائی، نکاسی آب اور چوکنگ پوائنٹس کی بروقت کلیئرنس کے احکامات جاری کیے گئے۔
اجلاس میں میونسپل کمشنر جاوید قمر بھی شریک تھے۔ چیئرمین نے صورتحال کی سنگینی کے پیش نظر ٹاؤن میں ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے تمام اراکین کونسل اور وائس چیئرمینز کو مکمل طور پر آن بورڈ لینے کی ہدایت دی۔
“بارش سے قبل تمام علاقوں کا دورہ کیا جائے، نالوں اور سیوریج لائنز کو کلیئر رکھا جائے اور عوامی مسائل کے حل میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔”
— ہمایوں محمد خان، چیئرمین ماڑی پور ٹاؤن
چیئرمین نے میونسپل کمشنر جاوید قمر کو ہدایت دی کہ وہ تمام وائس چیئرمینز سے مسلسل رابطے میں رہیں اور جہاں ضرورت ہو بھاری مشینری فوری طور پر استعمال میں لائی جائے۔ خصوصی طور پر مین ہولز کے ڈھکنوں کی تنصیب اور چوکنگ پوائنٹس کی کلیئرنس پر زور دیا گیا۔
“چیئرمین صاحب کی واضح ہدایت ہے کہ عوام کے مسائل پر کسی قسم کا کمپرومائز نہیں کیا جائے گا، ہم فیلڈ میں موجود رہ کر صورتحال کو کنٹرول کریں گے۔”
— جاوید قمر، میونسپل کمشنر ماڑی پور ٹاؤن
میونسپل کمشنر نے بتایا کہ تمام متعلقہ محکموں کے افسران کو مختلف علاقوں میں روانہ کر دیا گیا ہے تاکہ بارش کی صورت میں شہریوں کو کسی بھی قسم کی پریشانی یا نقصان کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انتظامیہ کے مطابق شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے۔