گڈاپ ٹاؤن میں ترقیاتی منصوبوں اور ٹیکس ریکوری کا تفصیلی جائزہ
چیئرمین طارق عزیز بلوچ اور میونسپل کمشنر محمد نواز مہر کی زیر صدارت اجلاس
کراچی: نمائندہ خصوصی
ٹاؤن میونسپل کارپوریشن گڈاپ کے چیئرمین طارق عزیز بلوچ اور میونسپل کمشنر محمد نواز مہر نے گڈاپ ٹاؤن میں جاری اور آئندہ ترقیاتی منصوبوں اور ٹیکس ریکوری سے متعلق تفصیلی بریفنگ لی۔
اجلاس میں مختلف شعبہ جات کے افسران نے اپنی کارکردگی اور پیش رفت سے آگاہ کیا۔ ڈائریکٹر ٹیکسز ھمایون عمران خان اور ڈائریکٹر ایڈورٹائزمنٹ ہدایت اللہ شیخ نے ٹیکس ریکوری، بقایاجات اور ایڈورٹائزمنٹ فیس سے متعلق تفصیلات پیش کیں۔
افسران نے بتایا کہ ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے، غیر رجسٹرڈ یونٹس کو نیٹ میں شامل کرنے اور ریکوری کے نظام کو شفاف اور مؤثر بنانے کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں۔
عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور گڈاپ ٹاؤن کی مجموعی ترقی ہماری اولین ترجیح ہے، تمام ترقیاتی منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں۔
— طارق عزیز بلوچ، چیئرمین گڈاپ ٹاؤن
بہتر ٹیکس ریکوری سے ٹاؤن کی آمدنی میں اضافہ ہوگا جس کے نتیجے میں عوامی فلاح و بہبود کے مزید منصوبے شروع کیے جا سکیں گے۔
— محمد نواز مہر، میونسپل کمشنر گڈاپ ٹاؤن
میونسپل کمشنر نے افسران کو ہدایت دی کہ عوامی شکایات کے فوری ازالے اور شفاف نظام کو یقینی بنایا جائے۔ اجلاس کے اختتام پر تمام افسران کو باہمی تعاون سے کام کرنے کی تلقین کی گئی۔
اجلاس میں سپرنٹنڈنٹ انجینئر (ایم اینڈ ای) نور علی جمالی، ڈائریکٹر سینیٹیشن اشرف بلوچ، ڈائریکٹر پارکس محمد افضل لغاری، ڈائریکٹر انفارمیشن رضوان صابر، اسسٹنٹ انجینئر ارشید بلوچ، پی ایس چیئرمین لعل جان بنی اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔