چیئرمین منگھوپیر ٹاؤن حاجی نواز علی بروہی کی ڈپٹی کمشنر ویسٹ کی زیرِ صدارت اجلاس میں شرکت
چیئرمین منگھوپیر ٹاؤن حاجی نواز علی بروہی نے ڈپٹی کمشنر ویسٹ ذوالفقار علی میمن کی زیرِ صدارت تبلیغی اجتماع کے انتظامات کے حوالے سے منعقد ہونے والے ایک اہم اور تفصیلی اجلاس میں شرکت کی۔ واضح رہے کہ یہ عظیم الشان تبلیغی اجتماع 25 دسمبر سے شروع ہو رہا ہے، جس کے پیشِ نظر تمام متعلقہ محکموں کو ضروری ہدایات جاری کی گئیں۔
اجلاس میں چیئرمین منگھوپیر ٹاؤن نے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ٹاؤن کی حدود میں واقع اجتماع گاہ اور اس کے اطراف صفائی ستھرائی، نکاسیٔ آب، سڑکوں کی مرمت، اسٹریٹ لائٹس کی بحالی اور پانی کی بلا تعطل فراہمی کے لیے عملی اقدامات کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔
— حاجی نواز علی بروہی
چیئرمین نے واضح کیا کہ ٹاؤن انتظامیہ روزانہ کی بنیاد پر فیلڈ میں موجود ہے اور تمام متعلقہ افسران و عملے کو سختی سے ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ اجتماع سے قبل تمام بلدیاتی کام مقررہ وقت کے اندر مکمل کیے جائیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ بڑے اجتماع کے پیشِ نظر اضافی مشینری، عملہ، واٹر ٹینکرز، صفائی کا سامان اور نکاسیٔ آب کے خصوصی انتظامات کیے جا رہے ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری اور مؤثر رسپانس یقینی بنایا جا سکے۔
چیئرمین منگھوپیر ٹاؤن نے اس امر کی بھی نشاندہی کی کہ بعض مقامات پر بین المحکماتی تعاون ناگزیر ہے، خصوصاً سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ، کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ، ٹریفک اور سیکیورٹی کے معاملات میں مربوط حکمتِ عملی کی اشد ضرورت ہے۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون جہانگیر شاہ، چیئرمین ٹاؤن میونسپل کارپوریشن اورنگی جمیل ضیا، علمائے کرام، پولیس کے سینئر افسران اور مختلف سرکاری اداروں کے نمائندگان بھی شریک تھے۔
ڈپٹی کمشنر ویسٹ ذوالفقار علی میمن نے چیئرمین منگھوپیر ٹاؤن کی جانب سے پیش کی گئی بریفنگ اور تجاویز کو سراہتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مکمل تعاون اور تمام درکار وسائل کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی۔
اجلاس کے اختتام پر چیئرمین منگھوپیر ٹاؤن حاجی نواز علی بروہی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ منگھوپیر ٹاؤن انتظامیہ تبلیغی اجتماع کے منظم، محفوظ اور پُرامن انعقاد کو اپنی اولین ترجیح سمجھتی ہے اور تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ قریبی رابطے میں رہے گی۔