Peoples Tv Pakistan

ماڑی پور ٹاؤن میں کرسمس کی تیاریوں کے حوالے سے اہم اجلاس

Chairman Mauripur Town Humayun Muhammad Khan Chairs Christmas Preparations Meeting | Peoples TV

چیئرمین ماڑی پور ٹاؤن ہمایوں محمد خان کی زیرِ صدارت اجلاس گرجا گھروں کے اطراف صفائی، روشنی اور سہولیات یقینی بنانے کی ہدایات

کراچی — دسمبر 2025
Chairman Mauripur Town Humayun Muhammad Khan chairing Christmas preparation meeting

ماڑی پور ٹاؤن کے چیئرمین ہمایوں محمد خان نے کرسمس کی تیاریوں کے سلسلے میں اپنے دفتر میں ایک اہم اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں میونسپل کمشنر جاوید قمر، تمام اراکینِ کونسل، وائس چیئرمینز اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران چیئرمین ہمایوں محمد خان نے متعلقہ افسران کو ہدایت جاری کی کہ ماڑی پور ٹاؤن میں واقع تمام گرجا گھروں کے اطراف بہترین صفائی کے انتظامات کیے جائیں اور گلیوں و سڑکوں پر اسٹریٹ لائٹس کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

“ہمارا دین ہمیں تمام مذاہب کے احترام کا درس دیتا ہے، یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہر مذہب کے ماننے والوں کو یکساں سہولیات فراہم کریں۔”
— چیئرمین ماڑی پور ٹاؤن ہمایوں محمد خان

چیئرمین نے مزید ہدایت دی کہ تمام وائس چیئرمینز اور متعلقہ افسران اپنے اپنے علاقوں میں موجود گرجا گھروں کے پادریوں اور منتظمین سے براہِ راست رابطہ رکھیں، انہیں آن بورڈ لیں اور ان کے مسائل فوری طور پر حل کروائیں۔

Chairman Mauripur Town Humayun Muhammad Khan chairing Christmas preparation meeting cctv

اس موقع پر میونسپل کمشنر جاوید قمر کو خصوصی طور پر ہدایت کی گئی کہ وہ تمام گرجا گھروں کے پادریوں اور منتظمین سے خود بھی مسلسل رابطے میں رہیں اور کرسمس سے قبل تمام بلدیاتی مسائل کے حل کو یقینی بنائیں۔

“تمام مذاہب کے تہواروں پر بلدیاتی سہولیات کی فراہمی ایک ذمہ دار اور مہذب معاشرے کی پہچان ہے۔”
— ہمایوں محمد خان

چیئرمین ماڑی پور ٹاؤن نے اجلاس کے اختتام پر تمام اراکینِ کونسل، وائس چیئرمینز اور افسران کو ہدایت کی کہ وہ مسیحی برادری کے نمائندوں سے ملاقات کریں، شکایات سنیں اور فوری ازالہ کریں تاکہ کرسمس کا تہوار مکمل امن، خوشی اور شایانِ شان انداز میں منایا جا سکے۔

اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ ماڑی پور ٹاؤن انتظامیہ مذہبی ہم آہنگی، برداشت اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔

Report by Peoples TV

ایک تبصرہ شائع کریں

جدید تر اس سے پرانی