Peoples Tv Pakistan

لبرا کے زیر اہتمام صحافتی خدمات، حقوق و مسائل پر تاریخی "لوکل باڈیز جرنلسٹس کنونشن"

لبرا کے زیر اہتمام تاریخی لوکل باڈیز جرنلسٹس کنونشن | صحافتی حقوق و مسائل پر اہم اجتماع

صحافی ملک و قوم کی آنکھ اور کان ہیں، ان کے مسائل کا حل ناگزیر ہے — مقررین

کراچی (اسٹاف رپورٹر)

سوک سینٹر کراچی میں لوکل باڈیز رپورٹرز ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام جرنلسٹس کنونشن

لوکل باڈیز رپورٹرز ایسوسی ایشن (لبرا) کے زیر اہتمام صحافتی خدمات کے اعتراف، صحافتی اصلاحات، پیشہ ورانہ حقوق اور صوبہ سندھ خصوصاً شہر کراچی کی ترقی میں میڈیا کے مؤثر کردار کو اجاگر کرنے کے لیے "لوکل باڈیز جرنلسٹس کنونشن" کا تاریخی اجتماع سوک سینٹر کراچی کے سیمینار ہال میں منعقد ہوا۔

کانفرنس میں صوبہ سندھ بھر سے تعلق رکھنے والے صحافی نمائندوں، میڈیا اسکالرز، سیاسی و سماجی رہنماؤں نے بڑی تعداد میں شرکت کی، جس سے یہ کنونشن صحافتی اتحاد اور یکجہتی کی عملی مثال بن گیا۔

کنونشن کی نظامت اور شرکت

کنونشن کی نظامت اور میزبانی کے فرائض لوکل باڈیز رپورٹرز ایسوسی ایشن کے سرپرستِ اعلیٰ شہزاد چغتائی، صدر تنویر سید، چیئرمین ندیم صدیقی، جنرل سیکریٹری عمران علی شاہ، سیکریٹری انفارمیشن سید رضوان جلالی، ڈاکٹر اسد اور محمود حسن نے مشترکہ طور پر انجام دیے۔

صحافیوں کے مسائل حل کیے بغیر ذمہ دار صحافت ممکن نہیں — فہد شفیق

کنونشن کے مہمانِ خصوصی وزیر اعظم پاکستان یوتھ افیئرز سندھ کے کوآرڈینیٹر فہد شفیق نے خطاب کرتے ہوئے کہا:

"صحافی ملک و قوم کی آنکھ اور کان ہیں، ان کے مسائل کے حل کے بغیر شفاف اور ذمہ دارانہ صحافت کا فروغ ممکن نہیں۔"

انہوں نے صحافیوں کے تحفظ اور ان کے پیشہ ورانہ معیار کو بہتر بنانے کے لیے جامع پالیسی پر فوری عملدرآمد کی ضرورت پر زور دیا اور وزیر اعظم پاکستان یوتھ افیئرز سندھ کی جانب سے صحافیوں کے بچوں کے لیے خصوصی لیپ ٹاپ اسکیم کا اعلان بھی کیا۔

صحافی قومی تعمیر کے معمار ہیں — خالد آرئیں

چینل 5 ٹی وی کے روحِ رواں خالد آرئیں نے کہا:

"آج کے دور میں صحافی صرف خبر رساں نہیں بلکہ قومی تعمیر کے معمار ہیں، انہیں اپنے فرائض کی انجام دہی کے لیے محفوظ اور سازگار ماحول فراہم کرنا ناگزیر ہے۔"

صحافتی اتحاد وقت کی ضرورت — امتیاز خان فاران

کراچی پریس کلب کے سابق صدر امتیاز خان فاران نے صحافیوں کے خلاف ہونے والی زیادتیوں کے خلاف اجتماعی آواز بلند کرنے اور صحافتی اتحاد کو مضبوط بنانے پر زور دیا۔

بلدیاتی صحافیوں کو نظر انداز کیا جا رہا ہے — تنویر سید

لوکل باڈیز رپورٹرز ایسوسی ایشن کے صدر تنویر سید نے کہا:

"بلدیاتی ادارے بلدیاتی صحافیوں کو نظر انداز کرتے ہیں، بعض اوقات قانونی نوٹسز اور بے جا کارروائیوں کے ذریعے انہیں ہراساں کیا جاتا ہے۔ محکمہ بلدیات اور مقامی میڈیا کے درمیان مؤثر رابطہ ناگزیر ہے۔"

انہوں نے مطالبہ کیا کہ بلدیاتی اداروں اور میڈیا کے درمیان باہمی احترام اور تعاون کے لیے ایک مستقل رابطہ کمیٹی تشکیل دی جائے تاکہ صحافیوں کو درپیش مسائل کا بروقت حل ممکن ہو۔

لبرا واقعی صحافیوں کی نمائندہ جماعت ہے — فیصل راجپوت

سینئر صحافی فیصل راجپوت نے جذباتی انداز میں کہا:

سوک سینٹر کراچی میں لوکل باڈیز رپورٹرز ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام جرنلسٹس کنونشن
"دل کے عارضے کے دوران جب میں اسپتال میں داخل تھا تو (LBRA) کے ساتھی میری ڈھارس کے لیے موجود رہے، یہ ثابت کرتا ہے کہ لبرا واقعی صحافیوں کی ہمدرد اور نمائندہ تنظیم ہے۔"

بلدیاتی مسائل اور میڈیا کا کردار

کراچی کے بلدیاتی مسائل پر خصوصی مکالمے میں شہر کی ٹرانسپورٹ، پانی، صفائی اور بنیادی ڈھانچے کی بحالی میں میڈیا کے کردار پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر سابق ڈی جی کے ڈی نوید انور، کے ڈی اے لیبر یونین کے چیف سید عمران جعفری، محمد عبدالمعروف، پیپلز لیبر بیورو کے جنرل سیکریٹری محمد اشرف، عمر شاہ اور عبدالمتین بھی موجود تھے۔

ملکی و صوبائی صحافتی شخصیات کی شرکت

کنونشن میں سینئر صحافی و معروف دستاویزی فلم ساز ادارے دی امیجز پاکستان پروڈکشن کے سی ای او شہزاد علی شاہ، چینل فائیو کے کامران زہری، سندھ اسمبلی رپورٹرز ایسوسی ایشن کے صدر عارف ہاشمی، جہانگیر سید، سانول شیخ، میٹرو نیوز کے امیر حیدر چانڈیو، تحسین عباسی، عدنان غوری، اسلم خان، محمود الحسن، اسد اللہ صدیقی، اعجاز لودھی، عدیل احمد، محمد نعیم بیگ، ملک منور، فرحان ہاشمی، اسد ملک، محمد ناصر، فوٹو جرنلسٹ ابوالحسن، محمد جنید، وقار چوہان سمیت لبرا کے تمام اراکین و عہدیداران نے بھرپور شرکت کی۔

اختتامی اعلامیہ

کنونشن کے اختتام پر شرکاء نے متفقہ طور پر ایک عملی لائحہ عمل منظور کیا، جس میں صحافیوں کے حقوق کے تحفظ، پیشہ ورانہ معیارات کی بلندی اور میڈیا کے ذریعے مثبت سماجی تبدیلی لانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

ایک تبصرہ شائع کریں

جدید تر اس سے پرانی