شام 4 بجے سے رات 10 بجے تک نکاسی آب کی خود نگرانی، بلدیاتی عملے کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار
مورخہ: 23 جنوری 2026
نیو کراچی ٹاؤن میں حالیہ بارش کے بعد میونسپل کمشنر نیو کراچی ٹاؤن منور حسین ملاح نے ٹاؤن کے مختلف علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا اور نکاسی آب کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ وہ شام 4 بجے سے رات 10 بجے تک مسلسل فیلڈ میں موجود رہے اور اپنی نگرانی میں مختلف مقامات سے بارش کے پانی کی نکاسی کے کام کو مکمل کروایا۔
اس موقع پر میونسپل کمشنر منور حسین ملاح نے ٹاؤن کی مجموعی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا:
“الحمدللہ نیو کراچی ٹاؤن میں بارش کے باوجود کہیں پانی کھڑا نہیں ہونے دیا گیا۔ بلدیاتی عملے نے سخت سردی اور نامساعد موسم کے باوجود عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے جس محنت اور جذبے سے کام کیا، وہ قابلِ تحسین ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو کسی بھی قسم کی پریشانی سے بچانا بلدیاتی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، اسی لیے بارش کے دوران ہی نکاسی آب کا عمل شروع کر دیا گیا تھا اور تمام افسران و عملہ مسلسل فیلڈ میں موجود رہا۔
بلدیاتی ذرائع کے مطابق نیو کراچی ٹاؤن کے ملازمین نے بارش کے آغاز کے ساتھ ہی سڑکوں، نشیبی علاقوں اور اہم گزرگاہوں سے پانی کی نکاسی کے لیے فوری اقدامات کیے۔ میونسپل کمشنر منور حسین ملاح خود مختلف متاثرہ علاقوں میں پہنچے اور صورتحال کا براہِ راست جائزہ لیا۔
ذرائع نے بتایا کہ کسی بھی مقام پر ٹریفک کی روانی متاثر نہیں ہونے دی گئی اور نہ ہی کہیں بارش کا پانی جمع ہونے دیا گیا۔ ٹاؤن کا ایکسیویٹر، پمپنگ مشینری اور دیگر بلدیاتی وسائل مکمل طور پر فعال رہے، جس کے باعث نیو کراچی ٹاؤن میں مجموعی صورتحال معمول کے مطابق رہی۔
آخر میں میونسپل کمشنر منور حسین ملاح نے بلدیاتی عملے کو شاباش دیتے ہوئے ہدایت کی کہ آئندہ بھی اسی جذبے اور فرض شناسی کے ساتھ عوامی خدمت کا سلسلہ جاری رکھا جائے۔