کراچی:
ٹاؤن چیئرمین ہمایوں محمد خان نے شبِ برات اور رمضان المبارک کی آمد سے قبل عوام کو بہتر سے بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے افسران کے ساتھ ایک اہم اجلاس منعقد کیا۔
اجلاس ٹاؤن چیئرمین کے دفتر میں منعقد ہوا جس میں ڈپٹی ڈائریکٹر سندھ سالڈ ویسٹ جمال شاہ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر وحید میمن، راحیل شاہ، میونسپل کمشنر جاوید قمر، ٹاؤن وائس چیئرمین اور مختلف محکموں کے افسران شریک تھے۔
شبِ برات اور رمضان کی تیاریوں پر تفصیلی تبادلۂ خیال
اجلاس کا بنیادی مقصد آنے والی شبِ برات اور رمضان المبارک کے حوالے سے تیاریوں کا جائزہ لینا تھا، جس میں خصوصاً قبرستانوں، مساجد، گلیوں اور عوامی مقامات کی صفائی ستھرائی اور کچرا اٹھانے کے انتظامات کو مزید مؤثر بنانے پر زور دیا گیا۔
تمام وائس چیئرمینوں اور اراکینِ کونسل نے بھی اپنی اپنی تجاویز پیش کیں، جبکہ متفقہ طور پر یہ فیصلہ کیا گیا کہ صفائی کے عملے میں اضافہ کیا جائے گا اور صفائی کی دوسری شفٹ کو مزید فعال بنایا جائے گا تاکہ صفائی کے معیار کو بہتر بنایا جا سکے۔
اراکینِ کونسل کا کہنا تھا:
"کچرا اٹھانے کے لیے رکشوں اور ڈسٹ بینز کی تعداد میں اضافہ کیا جائے تاکہ عوامی شکایات کا بروقت ازالہ ممکن ہو سکے۔"
غائب شاہ کے مزار اور قبرستانوں پر خصوصی توجہ
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ہمایوں محمد خان نے کہا کہ غائب شاہ کے مزار پر سالانہ عرس کا آغاز ہو رہا ہے، جس میں عوام کی بڑی تعداد شرکت کرتی ہے، لہٰذا اس کے اطراف اور ملحقہ علاقوں میں بھرپور صفائی کے انتظامات یقینی بنائے جائیں۔
چیئرمین ہمایوں محمد خان نے کہا:
"شبِ برات قریب ہے، اس موقع پر ماڑی پور ٹاؤن کے تمام قبرستانوں اور مساجد کی مکمل صفائی اور دیگر ضروری انتظامات بروقت مکمل ہونے چاہئیں تاکہ زائرین کو فاتحہ خوانی کے دوران کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔"
سندھ سالڈ ویسٹ کی تعاون کی یقین دہانی
اجلاس کے اختتام پر سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے افسران نے چیئرمین ہمایوں محمد خان اور اراکینِ کونسل کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ شبِ برات اور رمضان المبارک کے دوران صفائی کے انتظامات کو مؤثر اور بروقت یقینی بنایا جائے گا۔