Peoples Tv Pakistan

کراچی میں اتائی ڈاکٹروں کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن، گلشن اقبال میں درجنوں کلینکس سیل

کراچی میں اتائی ڈاکٹروں کے خلاف ایک بار پھر بھرپور کارروائی

کراچی (نمائندہ خصوصی): شہر قائد میں انسانی جانوں سے کھیلنے والے اتائی ڈاکٹروں کے خلاف ہیلتھ کیئر کمیشن نے ایک بار پھر بھرپور کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ گلشنِ اقبال کے علاقے حسین ہزارہ گوٹھ میں رات گئے کارروائی کے دوران درجنوں غیر قانونی کلینکس کو سیل کر دیا گیا۔

کراچی گلشن اقبال حسین ہزارہ گوٹھ میں ہیلتھ کیئر کمیشن کی جانب سے اتائی ڈاکٹروں کے کلینکس سیل کیے جا رہے ہیں
گلشنِ اقبال کے علاقے حسین ہزارہ گوٹھ میں ہیلتھ کیئر کمیشن کی کارروائی کے دوران اتائی ڈاکٹروں کے کلینکس سیل کیے جا رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق یہ کارروائی گزشتہ شب رات تقریباً گیارہ بجے ہیلتھ کیئر کمیشن کے ڈائریکٹر ڈاکٹر زبیر سومرو کی خصوصی ہدایت پر عمل میں لائی گئی۔ اس دوران آصف کلینک، گلشن کلینک، نور کلینک، سجاد کلینک سمیت ایک درجن سے زائد اتائی ڈاکٹروں کے مراکز کو سربمہر کر دیا گیا۔

ہیلتھ کیئر کمیشن کا مؤقف

“کراچی میں قائم کسی بھی اتائی ڈاکٹر کو انسانی جانوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ تمام غیر قانونی کلینکس کو مرحلہ وار سیل کیا جائے گا۔”

یہ بات ہیلتھ کیئر کمیشن کے ڈائریکٹر ڈاکٹر زبیر سومرو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

“اگر کسی اتائی نے سیل شدہ کلینک دوبارہ کھولا تو اس کے خلاف متعلقہ تھانے میں مقدمہ درج کرایا جائے گا، اور کسی دباؤ کو خاطر میں نہیں لایا جائے گا۔”

ڈاکٹر زبیر سومرو کا مزید کہنا تھا کہ اتائی ڈاکٹروں کے باعث قیمتی انسانی جانیں ضائع ہو رہی ہیں، جس پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔

پولیس کی مبینہ ملی بھگت پر سوالات

واضح رہے کہ مذکورہ علاقوں میں اس سے قبل بھی اتائی ڈاکٹروں کے خلاف کارروائیاں کی جا چکی ہیں، تاہم پولیس کی مبینہ ملی بھگت کے باعث بعض کلینکس دوبارہ کھول دیے گئے تھے، جس پر شہری حلقوں میں شدید تشویش پائی جاتی تھی۔

عوام کے لیے انتباہ

ہیلتھ کیئر کمیشن نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ علاج کے لیے صرف رجسٹرڈ اور مستند ڈاکٹروں سے رجوع کریں اور کسی بھی غیر قانونی کلینک کی اطلاع متعلقہ حکام کو دیں۔

رپورٹ: اشرف سولنگی
پیپلز ٹی وی، کراچی

ایک تبصرہ شائع کریں

جدید تر اس سے پرانی