Peoples Tv Pakistan

نیو کراچی ٹاؤن میں ترقیاتی رفتار تیز، دس لاکھ اسکوائر فٹ سے زائد پیور بلاک کی تنصیب مکمل

مختلف علاقوں میں دس لاکھ اسکوائر رننگ فٹ سے زائد پیور بلاک بچھا کر گلیوں اور سڑکوں کو قابلِ استعمال بنایا ہے، چیئرمین محمد یوسف

نیو کراچی ٹاؤن میں پیور بلاک کی تنصیب، چیئرمین محمد یوسف افتتاح کرتے ہوئے

ترقیاتی منصوبے صرف اینٹ اور پتھر کا کام نہیں، عوام کے اعتماد کی بحالی کا سفر ہے، وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر

کراچی (اسٹاف رپورٹر)

چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے نارتھ کراچی کے مختلف سیکٹرز میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے تحت پیور بلاک کی تنصیب کے کاموں کا افتتاح کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیو کراچی ٹاؤن میں تعمیر و ترقی کا پہیہ پوری رفتار سے رواں دواں ہے اور عوام کو بنیادی بلدیاتی سہولیات کی فراہمی ان کی اولین ترجیح ہے۔

تفصیلات کے مطابق سیکٹر 5B/3، سیکٹر 5B/2 اور سیکٹر 5C/2 میں پیور بلاک کی تنصیب کا کام مکمل ہونے کے بعد باقاعدہ افتتاح کیا گیا، جبکہ سیکٹر 5-M میں نئے ترقیاتی منصوبے کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

افتتاحی تقریب میں وائس چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن شعیب بن ظہیر، مختلف یونین کونسلز کے چیئرمین و وائس چیئرمینز، کونسلرز اور اہلِ علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے خطاب کرتے ہوئے کہا:

"ہم نے نیو کراچی ٹاؤن کے مختلف علاقوں میں اب تک دس لاکھ اسکوائر رننگ فٹ سے زائد پیور بلاک بچھا کر گلیوں اور سڑکوں کو پائیدار اور قابلِ استعمال بنایا ہے۔ یہ محض دعوے نہیں بلکہ عملی کام ہیں جو زمین پر واضح نظر آ رہے ہیں۔ ہمارا مشن ہے کہ ہر محلے تک بلدیاتی سہولیات پہنچائی جائیں۔"

انہوں نے کہا کہ بعض عناصر سیاسی مخالفت کی بنیاد پر ترقیاتی کاموں کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈا کر رہے ہیں، حالانکہ ریکارڈ اس بات کا گواہ ہے کہ نیو کراچی ٹاؤن میں دیگر ٹاؤنز کے مقابلے میں سب سے زیادہ ترقیاتی کام کیے گئے ہیں۔

"میں اپنے مخالفین کو چیلنج کرتا ہوں کہ وہ آزادانہ کمیٹی بنا کر ان منصوبوں کی انکوائری کروا لیں، دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا۔"

چیئرمین محمد یوسف کا کہنا تھا کہ صفائی اور سیوریج کے مسائل بنیادی طور پر واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے دائرہ اختیار میں آتے ہیں، اس کے باوجود نیو کراچی ٹاؤن انتظامیہ اپنے محدود وسائل اور فنڈز کے باوجود اضافی ذمہ داریاں نبھا رہی ہے تاکہ شہریوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

اس موقع پر وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر نے کہا:

"ترقیاتی منصوبے صرف اینٹ اور پتھر کا کام نہیں بلکہ عوام کے اعتماد کی بحالی کا سفر ہے۔ ہماری پوری ٹیم دن رات میدان میں موجود ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ نیو کراچی ٹاؤن کی ہر یونین کونسل میں یکساں ترقی ہو۔ نیو کراچی کے عوام کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے۔"

تقریب میں شریک شہریوں نے ترقیاتی کاموں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ٹاؤن انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ اسی طرح دیگر علاقوں میں بھی گلیوں، سڑکوں اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

ایک تبصرہ شائع کریں

جدید تر اس سے پرانی