بینظیر مزدور کارڈ معاہدے کی تجدید
کراچی (11 فروری) — بینظیر مزدور کارڈ کے اجراء کے حوالے سے سندھ ایمپلائز سوشل سیکورٹی انسٹی ٹیوٹ اور نادرا کے درمیان معاہدے کی تجدید کی گئی۔ یاد رہے کہ یہ کارڈ صوبائی وزیر محنت سعید غنی کا منصوبہ ہے جو محنت کش طبقے کے وقار، تحفظ اور فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لیے بنایا گیا ہے۔
"ایک مضبوط ریاست وہ ہوتی ہے جو اپنے کمزور طبقے کو مضبوط بناتی ہے، اور بینظیر مزدور کارڈ اس سمت میں ایک سنگ میل ہے۔"
کمشنر سی سی سی ہادی بخش کلہوڑو نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ نادرا کے ساتھ آج کیے جانے والے معاہدے کے بعد ہم نہ صرف سندھ کے 8 لاکھ سے زائد رجسٹرڈ محنت کشوں کو بینظیر مزدور کارڈ جاری کرسکیں گے، بلکہ سی سی سی کے اسپتالوں اور ڈسپنسریوں میں آنے والے محنت کشوں اور ان کے لواحقین کی تصدیق اور طبی سہولیات فراہم کرنا بھی آسان ہو جائے گا۔
"بینظیر مزدور کارڈ منصوبہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے اس خواب کی تعبیر ہے، جہاں مزدور کو ان کا حق، عزت اور سماجی تحفظ حاصل ہو۔"
اجلاس میں ریجنل ڈائریکٹر نادرا کراچی، پروگرام منیجر ہیڈکوارٹر اسلام آباد، پروجیکٹ منیجر اور دیگر افسران نے شرکت کی اور منصوبے کی تمام تفصیلات بریف کیں۔ پہلے مرحلے میں ڈیڑھ لاکھ سے زائد کارڈ جاری ہو چکے ہیں، اور موجودہ معاہدے کے بعد مزید 54 ہزار محنت کشوں کو بینظیر مزدور کارڈ فراہم کیا جائے گا۔
سندھ بھر میں سوشل سیکورٹی کے تمام ڈائریکٹوریٹس سے کارڈ جاری کیے جاتے ہیں اور مستقبل میں اس عمل کو مزید تیز کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ پروگرام کے اختتام پر کمشنر سی سی سی نے نادرا کے وفد کو شیلڈز اور تحائف پیش کیے۔