چیئرمین ہمایوں محمد خان ماڑی پور ٹاون کا افسران کو الٹی میٹم — کارکردگی بہتر کریں یا نتائج بھگتیں
کراچی (اسٹاف رپورٹر) چیئرمین ہمایوں محمد خان ماڑی پور ٹاون نے ٹاون کے تمام افسران کے ساتھ انکی کارکردگی کے حوالے سے ایک اہم میٹنگ کی جس میں ٹاون کے تمام ہیڈ آف ڈپارٹمنٹ اور کونسل کے ممبران نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر میونسپل کمشنر جاوید قمر بھی موجود تھے۔
انھوں نے اس موقع پر خصوصی طور پر ٹیکس ڈپارٹمنٹ کو سختی سے تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ اپنی ٹیکس ریکوری میں اضافہ کریں۔ اس حوالے سے کوئی سستی کا مظاہرہ نہیں ہونا چاہئے اور نہ کسی قسم کا پریشر لیں — قانون سب کے لئے برابر ہے۔
مزید انھوں نے ڈائریکٹر سنیٹیشن کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے مختلف یوسیوں کے وائس چیئرمین کی طرف سے شکایات موصول ہوئی ہیں کہ علاقوں میں آوارہ کتوں کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے، لہٰذا فوری طور پر علاقائی وائس چیئرمینوں کو ان بورڈ لے کر کتا مار مہم شروع کریں۔
ساتھ ہی انھوں نے ہدایت کی کہ تمام یوسیوں میں بھرپور فیومیگیشن کی جائے کیونکہ برسات کی وجہ سے وبائی امراض پھوٹ پڑے ہیں تاکہ عوام کو وبائی امراض سے محفوظ رکھا جاسکے۔
وہاں پر موجود ایکسین B&R ندیم لہنگا سے ترقیاتی کاموں کی تفصیل طلب کرتے ہوئے کہا کہ جو جو کام مکمل ہوچکے ہیں ان پر ٹاون کی تختی لگائیں تاکہ علاقے کی عوام کو پتہ چلے کہ ٹاون نے کیا کیا ترقیاتی کام کر لیے ہیں۔ ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ کاموں کے افتتاح کے پروگرام کے حوالے سے متعلقہ یوسیوں کے وائس چیئرمینوں سے مشاورت بھی کریں۔
مزید انکو ہدایت جاری کی کہ کام کی کوالٹی پر کسی بھی قسم کا کمپرومائز نہیں ہونا چاہئے۔
ساتھ ہی انھوں نے میونسپل کمشنر جاوید قمر کو کہا کہ کسی کے ساتھ کوئی نرمی کا مظاہرہ نہ کیا جائے۔
آخر میں وہاں پر موجود کونسل کے ممبران کی جانب سے چیئرمین ہمایوں محمد خان کی طرف سے ہر ہفتے ہونے والی اس طرح کی میٹنگ کے اقدام کو سراہا گیا۔