کراچی: چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے مالی سال 2026-27 کے بجٹ کی منظوری کے بعد ٹاؤن آفس میں منعقدہ پریس بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محدود مالی وسائل کے باوجود نیو کراچی ٹاؤن میں ریکارڈ ترقیاتی کام انجام دیے گئے ہیں جبکہ آئندہ چار سے پانچ ماہ کے دوران بڑے پیمانے پر ترقیاتی منصوبوں کے ذریعے پورے ٹاؤن کا نقشہ تبدیل کردیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ مالی سال 2026-27 کے بجٹ میں ترقیاتی منصوبوں کیلئے دو ارب 73 کروڑ 41 لاکھ 10 ہزار روپے جبکہ غیر ترقیاتی منصوبوں کیلئے دو ارب 84 کروڑ 95 لاکھ 78 ہزار روپے مختص کیے گئے ہیں۔

ایک ہزار گلیوں کی تعمیر مکمل

محمد یوسف نے کہا کہ گزشتہ مالی سال میں ایک ہزار گلیوں کی تعمیر اور پختگی کا منصوبہ کامیابی سے مکمل کیا جاچکا ہے جو نیو کراچی ٹاؤن کی تاریخ کا سب سے بڑا ترقیاتی منصوبہ ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ مختلف شاہراہوں پر روڈ کارپیٹنگ کا کام بھی تیزی سے جاری ہے۔

تعلیم کے شعبے کو خصوصی ترجیح

چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن نے کہا کہ سرکاری اسکولوں کی تعمیر و مرمت، اساتذہ کی تربیت اور تعلیمی ماحول کی بہتری کیلئے متعدد اقدامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ نئے مالی سال میں ایک ہزار مستحق طلبہ و طالبات کو تعلیمی کارڈ فراہم کئے جائیں گے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ماڈل اسکولوں کے قیام اور جدید تعلیمی سہولیات کی فراہمی پر بھی کام جاری ہے تاکہ طلبہ کو بہتر تعلیمی ماحول میسر آسکے۔

ملازمین کے واجبات کی ادائیگی

محمد یوسف نے کہا کہ ماضی میں ملازمین کے تقریباً 35 کروڑ روپے کے واجبات زیر التواء تھے تاہم محدود وسائل کے باوجود ان میں سے کچھ حصہ ادا کیا جاچکا ہے جبکہ موجودہ ملازمین کی تنخواہیں باقاعدگی سے ادا کی جارہی ہیں۔

پانی اور سیوریج کیلئے 9 کروڑ روپے خرچ

انہوں نے کہا کہ اگرچہ پانی اور سیوریج کی فراہمی ٹاؤن کی آئینی ذمہ داری نہیں لیکن عوامی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے نیو کراچی ٹاؤن نے اپنے وسائل سے تقریباً 9 کروڑ روپے خرچ کرکے سیوریج کے مسائل حل کئے اور تقریباً 25 ہزار گھروں تک پانی کی فراہمی ممکن بنائی۔

واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن ٹاؤنز کے ماتحت کرنے کا مطالبہ

چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن نے مطالبہ کیا کہ واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن اور سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کو ٹاؤن حکومتوں کے ماتحت کیا جائے تاکہ مقامی سطح پر شہری مسائل کا فوری حل ممکن ہوسکے۔

پارکس اور واٹر پارک منصوبے

انہوں نے کہا کہ شہریوں کو صحت مند تفریح فراہم کرنے کیلئے متعدد پارکس بحال کئے گئے ہیں جبکہ بچوں کیلئے قائم واٹر پارک عوام میں بے حد مقبول ہوا ہے۔ نارتھ کراچی میں ایک نئے واٹر پارک کی تعمیر بھی جاری ہے۔

سندھ حکومت سے پانچ ارب روپے خصوصی گرانٹ کا مطالبہ

محمد یوسف نے کہا کہ سندھ حکومت نے آج تک نیو کراچی ٹاؤن کو ترقیاتی منصوبوں کیلئے ایک روپیہ بھی فراہم نہیں کیا۔ انہوں نے حکومت سندھ سے مطالبہ کیا کہ کم از کم پانچ ارب روپے کی خصوصی ترقیاتی گرانٹ فراہم کی جائے تاکہ بنیادی انفراسٹرکچر، تعلیم، صحت اور نکاسی آب کے منصوبوں پر تیزی سے کام کیا جاسکے۔

اہم اعلان: چیئرمین محمد یوسف نے کہا کہ اگر کوئی ثابت کردے کہ سندھ حکومت نے نیو کراچی ٹاؤن کو ترقیاتی فنڈز فراہم کئے ہیں تو وہ استعفیٰ دینے کیلئے تیار ہیں۔

بلدیاتی اداروں کو بااختیار بنانے پر زور

انہوں نے کہا کہ اختیارات اور وسائل کی نچلی سطح تک منتقلی ہی شہری مسائل کے مستقل حل کی ضمانت ہے اور کراچی کے بلدیاتی اداروں کو مالی اور انتظامی طور پر مضبوط بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

چیئرمین محمد یوسف نے کہا کہ جماعت اسلامی کے زیر انتظام ٹاؤنز نے محدود وسائل کے باوجود مثالی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور آئندہ چند ماہ میں شہری واضح طور پر ترقیاتی تبدیلی محسوس کریں گے۔