لاڑکانہ(بیورو رپورٹ) – فنکشنل لیگ کے مرکزی رہنما معظم علی عباسی سے پارٹی کے سینئر رہنما اور گمبٹ کے جنرل سیکریٹری مشتاق احمد سروہی نے عباسی ہاؤس لاڑکانہ میں خصوصی ملاقات کی۔
یہ ملاقات ملکی سیاسی صورتحال اور پارٹی کے اندرونی معاملات پر اہم مشاورت کے لیے منعقد کی گئی، جس میں مختلف تنظیمی امور، پارٹی پالیسیوں، اور کارکنوں کے مسائل پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران مشتاق احمد سروہی نے فنکشنل لیگ کی تنظیمی حکمت عملی سے متعلق چند تحفظات کا اظہار بھی کیا، جنہیں معظم علی عباسی نے نہایت سنجیدگی سے سنا اور ان کے ازالے کی یقین دہانی کروائی۔
مشتاق احمد سروہی نے عیدالاضحیٰ کے پرمسرت موقع پر معظم علی عباسی کو دلی مبارکباد پیش کی اور اس بات پر زور دیا کہ پارٹی کو گراس روٹ لیول پر مزید فعال بنانے کے لیے مشترکہ حکمت عملی اپنائی جائے۔
معظم علی عباسی نے پارٹی کارکنان کی شکایات کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ فنکشنل لیگ ایک عوامی جماعت ہے اور کارکنان اس کا سرمایہ ہیں، ان کے مسائل اور تجاویز کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔