کراچی: محکمہ صحت سندھ کی نااہلی — 20 روز بعد بھی ڈی ایچ او کیماڑی کی مستقل تعیناتی نہ ہو سکی

کراچی: محکمہ صحت سندھ کی نااہلی — 20 روز بعد بھی ڈی ایچ او کیماڑی کی مستقل تعیناتی نہ ہو سکی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) — محکمہ صحت سندھ کی انتظامی نااہلی کا واضح ثبوت ایک بار پھر سامنے آگیا ہے، سیکریٹری صحت کی بے توجہی اور سست روی کے باعث 20 روز گزر جانے کے باوجود ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (ڈی ایچ او) کیماڑی کی مستقل تعیناتی نہ کی جاسکی۔

Sindh Health Department office Karachi
کراچی میں محکمہ صحت سندھ کے دفتر کا منظر، جہاں ڈی ایچ او کیماڑی کی تعیناتی تاخیر کا شکار ہے۔

ذرائع کے مطابق مستقل افسر کی تقرری کے بجائے اس وقت ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (اے ڈی ایچ او) ڈاکٹر حسین جھتیال کو عارضی بنیادوں پر ڈی ایچ او کیماڑی کا اضافی چارج دے دیا گیا ہے۔ تاہم اس فیصلے نے محکمہ کے اندرونی معاملات پر سنگین سوالات اٹھا دیے ہیں۔

محکمہ صحت کے اندرونی ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ ڈاکٹر حسین جھتیال کو حال ہی میں سندھ گورنمنٹ اسپتال نیو کراچی سے مبینہ طور پر ناقص کارکردگی اور انتظامی بے ضابطگیوں کے باعث ہٹایا گیا تھا۔ حیرت انگیز طور پر اُسی افسر کو نہ صرف کیماڑی بلکہ متعدد اسپتالوں کا اضافی چارج بھی دے دیا گیا ہے، جس سے انتظامی شفافیت اور میرٹ کے دعووں کی قلعی کھل گئی ہے۔

محکمہ صحت کے سینئر افسران کا کہنا ہے کہ اتنے حساس ضلع میں، جہاں وبائی امراض اور صحت عامہ کے لاتعداد چیلنجز موجود ہیں، وہاں مستقل اور تجربہ کار افسر کی فوری تعیناتی انتہائی ضروری ہے۔ بار بار “ایڈیشنل چارج” پر افسران کو بٹھانا نہ صرف قانونی پیچیدگیاں پیدا کرتا ہے بلکہ ضلع کے صحت کے معاملات بری طرح متاثر ہوسکتے ہیں۔

عوامی حلقوں نے بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ناکام کارکردگی کے حامل افسران کو سزا دینے کے بجائے مزید حساس عہدے دیے جائیں گے تو صحت کے نظام کو بہتر بنانے کے تمام حکومتی دعوے محض زبانی جمع خرچ ثابت ہوں گے۔

محکمہ صحت سندھ کی جانب سے تاحال مستقل ڈی ایچ او کی تعیناتی کے حوالے سے کسی قسم کا کوئی اعلامیہ یا مؤقف سامنے نہیں آیا۔


Report by Staff Reporter | Karachi News Desk © 2025

ایک تبصرہ شائع کریں

جدید تر اس سے پرانی