اربوں کی مبینہ کرپشن کا انکشاف، خیرپور ضلع کونسل میں جعلی اور بوگس بل تیار کرکے کروڑوں روپے ہڑپ

Khairpur District Council corruption scandal under investigation Sindh Bank Khairpur accused of facilitating fake transactions

خیرپور ضلع کونسل میں اربوں کی مبینہ کرپشن کا انکشاف

خیرپور (اپنے نمائندے سے) — ضلع کونسل خیرپور میں مبینہ بدعنوانی اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے سنگین انکشافات سامنے آئے ہیں، جہاں چیئرمین ضلع کونسل نادر شوکت راڄپر کے قریبی ساتھیوں اور ڈسٹرکٹ کونسل کے بااثر افسر یوسف شیخ کے خاص آدمیوں پر سرکاری فنڈز میں اربوں روپے کی ہیرا پھیری کا الزام عائد کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق جاوید پٹھان اور راجا ایاز بڑدی نامی دونوں افراد مبینہ طور پر ضلع کونسل کے خفیہ آپریشنز میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔ سرکاری بجٹ کو من پسند طریقے سے منقسم کرنے کے ساتھ جعلی اور بوگس بل تیار کرکے کروڑوں روپے ہڑپ کیے جا رہے ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ یہ دونوں افراد ماضی میں بھی ایسے بل جمع کروا چکے ہیں جن کا ریکارڈ نہ تو فیلڈ میں پایا گیا اور نہ ہی متعلقہ اداروں میں اس کا کوئی سراغ ملا۔

مزید انکشاف ہوا ہے کہ سندھ بینک خیرپور میں بھی ان افراد کا غیر اعلانیہ اثر و رسوخ ہے، جہاں سے فنڈز کی منتقلی اور کلیئرنس کے معاملات ان کی مرضی کے مطابق انجام پاتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق بینک عملہ دباؤ کے باعث کئی مشکوک ٹرانزیکشنز کو نظر انداز کرتا رہا ہے۔

عوامی اور سماجی حلقوں نے نیب، ایف آئی اے اور اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ ضلع کونسل کے فنڈز کو ذاتی اور سیاسی مفادات کے لیے استعمال کرنے والے عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔

شہریوں نے وزیر اعلیٰ سندھ اور چیف سیکریٹری سے بھی فوری مداخلت کا مطالبہ کیا ہے تاکہ عوامی فلاحی منصوبے مالی بدعنوانی کی نذر ہونے سے بچ سکیں۔

ایک تبصرہ شائع کریں

جدید تر اس سے پرانی