کراچی: منگھوپیر ٹاؤن میں منعقد ہونے والے عظیم الشان تبلیغی اجتماع کے موقع پر ٹاؤن میونسپل کارپوریشن منگھوپیر کی جانب سے غیر معمولی، بروقت اور مثالی انتظامات کیے گئے۔ چیئرمین منگھوپیر ٹاؤن حاجی نواز علی بروہی کی سربراہی اور براہِ راست نگرانی میں یونین کونسل ون کے علاقے غازی گوٹھ، یو سی 3 ٹی سی ایف سے لے کر نیا ناظم آباد تک سڑک کی مرمت و ہمواری مکمل کر کے اسے مکمل طور پر قابلِ آمد و رفت بنا دیا گیا۔
اس کے علاوہ تبلیغی اجتماع کے اطراف میں آنے والی تمام یونین کونسلز اور منگھوپیر ٹاؤن کی حدود میں شامل دیگر علاقوں میں بھی تمام ضروری ترقیاتی و بلدیاتی کام بروقت مکمل کیے گئے، تاکہ اجتماع میں آنے والے شرکاء کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
چیئرمین منگھوپیر ٹاؤن حاجی نواز علی بروہی گزشتہ شب سے لے کر صبح تک خود فیلڈ میں موجود رہے اور تمام انتظامات کی نگرانی کی۔ انہوں نے افسران اور عملے کے ہمراہ رات بھر جاگ کر سڑکوں کی مرمت و بحالی، اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب و درستگی، سڑکوں پر پانی کا چھڑکاؤ، اسپرے مہم، صفائی ستھرائی، کچرے کی بروقت منتقلی، سیوریج مسائل کے فوری حل اور دیگر بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا۔
“آج جو ہم جاگ رہے ہیں، راتیں قربان کر رہے ہیں، یہ سب صرف اللہ کی رضا، عوام کی خدمت اور اللہ کے مہمانوں کی خدمت کے لیے ہے۔”
— چیئرمین منگھوپیر ٹاؤن حاجی نواز علی بروہی
انہوں نے افسران اور عملے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ کام محض دنیاوی نہیں بلکہ دینی خدمت ہے، اور اللہ تعالیٰ اس نیت پر ضرور اجر عطا فرمائے گا۔
“چند دن کی نیند قربان کرنے سے اگر آخرت میں اللہ تعالیٰ کی خوشنودی حاصل ہو جائے تو یہ ہمارے لیے سب سے بڑی کامیابی ہے۔”
— حاجی نواز علی بروہی
چیئرمین نے مزید کہا کہ وہ کل سے ان شاء اللہ پورا دن تبلیغی اجتماع گاہ میں موجود رہیں گے اور انتظامات کی نگرانی کریں گے، کیونکہ یہ ان کا ہر سال کا معمول ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچپن سے ہی وہ اپنے والد کے ساتھ تبلیغی اجتماع میں شریک ہوتے رہے ہیں اور اب اپنی نئی نسل کو بھی دین، خدمت اور اجتماع کی برکتوں سے جوڑنا چاہتے ہیں۔
اس موقع پر میونسپل کمشنر احمد یار، وائس چیئرمین منگھوپیر ٹاؤن رانا محمد عارف، یو سی ون کے کونسلر جاوید بروہی، منگھوپیر ٹاؤن کے افسران و انتظامیہ، سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ، واٹر بورڈ اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران و نمائندگان بھی موجود تھے، جنہوں نے چیئرمین کی قیادت میں بھرپور انداز میں اپنی ذمہ داریاں انجام دیں۔
اہلِ علاقہ اور تبلیغی اجتماع میں شرکت کرنے والے افراد نے منگھوپیر ٹاؤن انتظامیہ اور چیئرمین حاجی نواز علی بروہی کی شبانہ روز محنت، ذاتی دلچسپی اور دینی جذبے کو سراہتے ہوئے ان اقدامات کو قابلِ تحسین قرار دیا اور کہا کہ یہ انتظامات عوامی خدمت کی بہترین مثال ہیں۔