Peoples Tv Pakistan

امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان کا نیو کراچی ٹاؤن کے مختلف سیکٹرز کا دورہ

Ameer Jamaat-e-Islami Karachi Visits New Karachi Town Development Projects

جاری ترقیاتی منصوبوں اور پیور بلاکس اسکیم کا معائنہ، ترقیاتی رفتار پر اطمینان کا اظہار

مورخہ: 01 جنوری 2026

Ameer Jamaat-e-Islami Karachi Munam Zafar Khan inspecting development projects in New Karachi Town
امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نیو کراچی ٹاؤن کے ترقیاتی منصوبوں کا معائنہ کرتے ہوئے

امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف، وائس چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن شعیب بن ظہیر، امیر جماعت اسلامی ضلع ڈاکٹر شکیل احمد، نائب امیر ضلع شمالی احمر خان، مختلف یونین کونسلوں کے چیئرمین، وائس چیئرمین اور کونسلرز کے ہمراہ نیو کراچی ٹاؤن کے مختلف سیکٹرز کا دورہ کیا۔

اس موقع پر انہوں نے ٹاؤن میں جاری ترقیاتی منصوبوں، بالخصوص پیور بلاکس اسکیم کا تفصیلی جائزہ لیا اور ترقیاتی کاموں کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔

"ہم نے نیو کراچی ٹاؤن کے متعدد سیکٹرز کا زمینی اور عملی جائزہ لیا ہے۔ پیور بلاکس کی تنصیب کے تحت 600 گلیوں میں کام جاری ہے، جن میں سے تقریباً 350 گلیوں میں کام مکمل ہو چکا ہے، جو ایک خوش آئند پیش رفت ہے۔" منعم ظفر خان، امیر جماعت اسلامی کراچی

منعم ظفر خان نے کہا کہ چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف کی قیادت میں نیو کراچی ٹاؤن میں تعمیر و ترقی کا عمل تسلسل کے ساتھ جاری ہے۔ جماعت اسلامی کے زیر انتظام نو ٹاؤنز میں پیور بلاکس، سڑکوں کی کارپیٹنگ، پارکوں کی تزئین و آرائش اور دیگر بنیادی بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے منصوبے جاری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے عوام سے وعدہ کیا تھا کہ ہم اپنے اختیارات سے بڑھ کر کام کریں گے اور نیو کراچی ٹاؤن سمیت دیگر علاقوں میں جاری ترقیاتی کام اس وعدے کی عملی مثال ہیں۔

امیر جماعت اسلامی کراچی نے کراچی کی مجموعی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ پندرہ برسوں میں شہر کا بنیادی انفراسٹرکچر تباہ ہو چکا ہے اور عوام بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔

"سندھ حکومت کو چاہیے کہ کراچی کے ٹاؤنز کو خصوصی گرانٹس فراہم کرے۔ نیو کراچی ٹاؤن کو کم از کم پانچ ارب روپے کی فوری ضرورت ہے تاکہ بڑے بلدیاتی مسائل حل کیے جا سکیں۔" منعم ظفر خان

انہوں نے اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی نہ ہونے پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن اور سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ نہ عوامی نمائندوں کو جواب دہ ہیں اور نہ ہی اپنی ذمہ داریاں پوری کر رہے ہیں۔

سیوریج کی بدحالی کے باعث بدبو، گندگی اور پانی کی قلت جیسے مسائل بڑھ رہے ہیں، جبکہ بعض علاقوں میں کچرا جلانے سے ماحولیاتی آلودگی میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔

"ٹاؤنز کو فوری طور پر خصوصی گرانٹس اور اختیارات منتقل کیے جائیں تاکہ کراچی کے عوام کو ان اذیت ناک مسائل سے نجات مل سکے۔" — منعم ظفر خان

اس موقع پر چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے بتایا کہ پیور بلاکس منصوبے کے تحت نیو کراچی ٹاؤن کے 27 سیکٹرز میں کام جاری ہے، جبکہ اب تک 350 گلیوں میں پیور بلاکس مکمل کیے جا چکے ہیں۔

"جنوری کے اختتام تک تمام 600 گلیوں میں پیور بلاکس کی تنصیب مکمل کر لی جائے گی۔ اس کے ساتھ پارکوں کی تزئین و آرائش، سڑکوں کی تعمیر، سیوریج اور پانی کے مسائل کے حل پر بھی کام جاری ہے۔" — محمد یوسف، چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن

محمد یوسف نے بتایا کہ واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کی ناقص کارکردگی کے باعث ٹاؤن انتظامیہ کو اپنے فنڈز سے سیوریج کے مسائل حل کرنا پڑے، جس پر اب تک تقریباً نو کروڑ روپے خرچ کیے جا چکے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پیور بلاکس منصوبے کی تکمیل کے بعد لنک سڑکوں، نالوں کی دیواروں اور نیو کراچی ٹاؤن میں زیر تعمیر دو ماڈل اسکولوں کے منصوبے مکمل کیے جائیں گے۔

چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن نے سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کی کارکردگی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ کچرا اٹھانے میں ناکام ہو چکا ہے، جس کے باعث ٹاؤن انتظامیہ کو اپنے محدود وسائل سے اضافی ذمہ داریاں نبھانا پڑ رہی ہیں۔

ایک تبصرہ شائع کریں

جدید تر اس سے پرانی