ناظم آباد ٹاؤن و نارتھ ناظم آباد ٹاؤن میں شاندار شبِ سخن اور گلِ داؤدی نمائش

Grand Mushaira and flower exhibition at Eidgah Ground Nazimabad Karachi

ناظم آباد ٹاؤن اور نارتھ ناظم آباد ٹاؤن کے زیرِ انتظام عید گاہ گراؤنڈ میں شاندار شبِ سخن (مشاعرہ)

کراچی | 11 جنوری 2026

“ایسی ادبی محافل معاشرے میں مثبت اقدار، تہذیب، رواداری اور ادب کے فروغ کا مؤثر ذریعہ ہوتی ہیں۔”
— ڈاکٹر راضی حسن، نائب امیر جماعتِ اسلامی پاکستان

ناظم آباد ٹاؤن اور نارتھ ناظم آباد ٹاؤن کے باہمی اشتراک سے عید گاہ گراؤنڈ ناظم آباد میں ایک شاندار، یادگار اور ادبی ذوق سے بھرپور شبِ سخن (مشاعرہ) اور گلِ داؤدی کی نمائش کا انعقاد کیا گیا۔ یہ ادبی و ثقافتی سرگرمی 09 تا 11 جنوری منعقد کی گئی جس نے علاقے کے عوام اور اہلِ ذوق کو بھرپور تفریح اور فکری آسودگی فراہم کی۔

تقریب کا باقاعدہ افتتاح اور نمائش کا مشاہدہ چیئرمین ناظم آباد ٹاؤن سید محمد مظفر، وائس چیئرمین محمد نعمان صدیقی، چیئرمین نارتھ ناظم آباد ٹاؤن عاطف علی خان اور وائس چیئرمین زیاد الدین جہمائی نے مشترکہ طور پر کیا۔

“گزشتہ برس کی طرح اس سال بھی شبِ سخن نہایت شاندار اور بہترین انداز میں منعقد کی گئی ہے، ناظم آباد میں ادب اور ثقافت کے فروغ کا یہ سفر جاری رہے گا۔”
— سید محمد مظفر، چیئرمین ناظم آباد ٹاؤن

چیئرمین ناظم آباد ٹاؤن سید محمد مظفر، چیئرمین نارتھ ناظم آباد ٹاؤن عاطف علی خان اور وائس چیئرمین محمد نعمان صدیقی نے مشاعرے میں آنے والے مہمانوں، شعراء اور شہریوں کا پرتپاک استقبال کیا۔

مشاعرے کی صدارت معروف شاعر سحر انصاری نے کی جبکہ نظامت کے فرائض ڈاکٹر عنبرین حسن عنبرین اور شکیل خان نے انجام دیے۔ منتظمِ مشاعرہ عرفان معطر تھے۔

Grand Mushaira and flower exhibition at Eidgah Ground Nazimabad Karachi

مشاعرے میں ملک کے نامور شعراء تاجدار عادل، رخسانہ صبا، جاوید صبا، خالد عرفان، سلمان صدیقی، محمود غزنوی، اختر علیم صدیقی، عمران عامی، ڈاکٹر فیاض وید، عبدالحکیم ناصف، خلیل اللہ فاروقی، سید شائق شہاب، رحمٰن فارس، عمیر نجمی، علاالدین خانزادہ، عبدالرحمٰن مومن، یحییٰ سرور چوہان، صوفیہ ذاہد، نوید شیخ نمبردار، اویس قرنی اور عقیل دانش نے اپنے کلام سے محفل کو گرما دیا۔

“شعراء نے ناظم آباد کی ہواؤں میں اپنے کلام کی خوشبو گھول دی اور حاضرین سے دل کھول کر داد وصول کی۔”

تقریب میں ڈاکٹر سیف الرحمنٰ، امیر جماعتِ اسلامی ضلع وسطی وجیہ حسن، ڈپٹی کمشنر طحہ سلیم، میونسپل کمشنر ناظم آباد ٹاؤن اطہر سعید، ٹاؤن افسران، یوسی چیئرمینز اور کراچی کے اہلِ ذوق نے اہلِ خانہ کے ہمراہ شرکت کر کے محفل کو بھرپور رونق بخشی۔

شرکاء نے اس کامیاب ادبی و ثقافتی سرگرمی پر منتظمین اور ٹاؤن انتظامیہ کو خراجِ تحسین پیش کیا اور آئندہ بھی ایسے شاندار مشاعروں اور ثقافتی پروگراموں کے انعقاد کی امید ظاہر کی۔

ایک تبصرہ شائع کریں

جدید تر اس سے پرانی