خوبصورت محلے، خوبصورت ٹاؤن
نیو کراچی ٹاؤن میں تین کمیونٹی کلسٹرز کا افتتاح، عوامی سہولتوں کا نیا باب
نیو کراچی: نیو کراچی ٹاؤن چیئرمین محمد یوسف نے نارتھ کراچی سیکٹر، یوسی 12 میں تین کمیونٹی کلسٹرز — تاجی بابا کمیونٹی کلسٹر، ڈاکٹر سرفراز کمیونٹی کلسٹر اور فیض الحق کمیونٹی کلسٹر — کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں وائس چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن شعیب بن ظہیر، مختلف یوسیز کے چیئرمین و وائس چیئرمین، کونسلرز اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے کہا کہ کمیونٹی کلسٹر منصوبہ عوام کو بنیادی سہولتیں ایک مربوط اور منظم نظام کے تحت فراہم کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کے تحت مختلف محلوں کو یکجا کر کے ایک ایسا مربوط جھرمٹ تشکیل دیا گیا ہے جہاں سماجی خدمات ایک ہی چھت تلے دستیاب ہوں گی، تاکہ شہریوں کو دربدر نہ ہونا پڑے۔
“تاجی بابا، ڈاکٹر سرفراز اور فیض الحق کمیونٹی کلسٹرز کے قیام کا مقصد محلوں میں ترقیاتی کاموں کو بہتر منصوبہ بندی کے ساتھ فروغ دینا اور بنیادی سہولتوں کو ایک مؤثر نظام کے تحت عوام تک پہنچانا ہے۔”
انہوں نے مزید بتایا کہ سیکٹر 5C4 میں ایک ہزار گلیوں پر مشتمل منصوبے کے تحت اب تک 150 گلیوں میں پیور بلاکس کی تنصیب کا کام جاری ہے، جبکہ سیوریج اور پینے کے پانی کی لائنوں کی ری کنڈیشننگ بھی مکمل کی جا رہی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ سڑکوں اور پارکس کی تعمیر بھی عمل میں لائی جا چکی ہے۔
چیئرمین محمد یوسف نے کہا کہ واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کی مسلسل نااہلی کے باعث نیو کراچی ٹاؤن انتظامیہ نے اب تک تقریباً نو کروڑ روپے اپنی مدد آپ کے تحت سیوریج اور پانی کی لائنوں پر خرچ کیے ہیں تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن میں کراچی کا پہلا واٹر پارک بھی قائم کیا گیا، اور یہ حقیقت ہے کہ جتنا ترقیاتی کام یہاں ہوا ہے اتنا کسی دوسرے ٹاؤن میں نہیں ہوا۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نیو کراچی ٹاؤن کو ایک ماڈل ٹاؤن بنایا جائے گا اور اس مقصد کے لیے بلدیاتی قیادت دن رات محنت کر رہی ہے۔
“ہمارا مقصد صرف اور صرف عوام کی خدمت ہے، ہم نے بلا تفریق جماعت اسلامی اور پیپلز پارٹی کی یوسیز میں یکساں ترقیاتی کام کرائے ہیں۔”
وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ بلدیاتی قیادت نے خلوص نیت کے ساتھ عوامی خدمت کو اپنا نصب العین بنایا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ان ترقیاتی منصوبوں کی حفاظت کو اپنی اجتماعی ذمہ داری سمجھیں اور سرکاری املاک کی دیکھ بھال میں بلدیاتی اداروں کا ساتھ دیں تاکہ یہ سہولتیں دیرپا ثابت ہو سکیں۔
تقریب کے اختتام پر شرکاء نے کمیونٹی کلسٹر منصوبے کو نیو کراچی ٹاؤن کے لیے ایک خوش آئند اور تاریخی قدم قرار دیتے ہوئے چیئرمین محمد یوسف اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔
مورخہ: 20 جنوری 2026