دبئی میں سندھی ثقافتی دن شاندار انداز میں منایا گیا
دبئی: (نمائندہ خصوصی)
سندھی ایسوسی ایشن آف یو اے ای کے زیرِ اہتمام دبئی میں سندھی ثقافتی دن نہایت جوش و خروش، جذبے اور ثقافتی رنگوں کے ساتھ منایا گیا، جس میں سینکڑوں سندھی خاندانوں، خواتین، بچوں اور نوجوانوں نے بھرپور شرکت کی۔ تقریب کا مقصد سندھ کی قدیم تہذیب، روایات اور ثقافتی شناخت کو اجاگر کرنا تھا۔
تقریب میں تشریف لانے والے مہمانوں کا پرتپاک استقبال کنوینر انجینئر دانش حیدری نے کیا، جنہوں نے تمام شرکاء اور مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پردیس میں سندھی ثقافت کو زندہ رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
اس شاندار اور رنگا رنگ ثقافتی تقریب میں سندھ کی مالا مال تہذیب، ثقافتی ورثے اور روایتی رنگ نمایاں نظر آئے۔ اس موقع پر دبئی کی تاریخ میں پہلی مرتبہ سندھی اجرک فیشن شو پیش کیا گیا، جسے عالمی شہرت یافتہ فیشن ڈیزائنر پوجا موٹوانی نے ڈیزائن اور پیش کیا، جسے حاضرین نے بے حد سراہا۔
تقریب میں سندھ کے نامور فنکار احمد مغل، شاہد بھنگوار، لتا لالوانی، وحید سروہی، ساز بینڈ، درویش بینڈ، منور فراز اور ہریش نے اپنے دلکش اور روایتی سندھی گیتوں سے محفل کو جھومنے پر مجبور کر دیا۔ شرکاء آخر تک موسیقی اور ثقافت سے بھرپور لطف اندوز ہوتے رہے۔
معروف مزاحیہ فنکار علی گل ملاح، اصغر کھوسو اور جیوانی نے اپنے منفرد انداز اور برجستہ مزاح سے محفل میں خوشی اور قہقہوں کے رنگ بھر دیے۔
"سندھی ثقافت محبت، امن اور بھائی چارے کی علامت ہے، اور ایسے پروگرام نئی نسل کو اپنی پہچان سے جوڑنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔" منتظمین، سندھی ایسوسی ایشن آف یو اے ای
تقریب میں دبئی کی معزز مقامی شخصیت بو عبداللہ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، جبکہ ذوالفقار قادری، زاہد کنسرو، آغا حاتم درانی، لطیف دل، اللہ دین جوکھیو، خادم کاکا، کبیر، محمد حسن نوحانی، میاں منیر ہنس، اعجاز علی اور میر مرتضیٰ شاہانی نے اعزازی مہمانوں کے طور پر شرکت کی۔
تقریب میں خصوصی طور پر دبئی پولیس کے رضاکار نصیر احمد اور واجد جوگی نے اپنی ٹیم کے ہمراہ شرکت کی اور سیکیورٹی و انتظامات میں بھرپور تعاون فراہم کیا۔
تقریب کے دوران معزز مہمانوں، فنکاروں اور صحافیوں کو سندھ کی ثقافتی پہچان اجرک اوڑھا کر اعزازی شیلڈز پیش کی گئیں۔
سندھی ایسوسی ایشن آف یو اے ای کی ثقافتی و میگا میوزیکل نائٹ کے تمام انتظامات ایس اے یو اے ای کی ٹیم نے سنبھالے، جن میں حسن نوحانی، دانش حیدری، عبدالکریم مزاری، مہران چولیاڻي، فہد تھیبو، فرحان قریشی، اعجاز چانڈیو، ایاز چانڈیو، محمد مراد تنيو، فہیم ٹھگر، شازیہ چانڈیو اور شاہنواز ہالیپوٽو شامل تھے۔
تقریب میں موجود صحافی دوستوں سارنگ سندھی، اسحاق سومرو، فہد شیخ، سعید چانڈیو، فہد عباسی، صمد منگی اور دیگر کو بھی اجرک کے تحائف پیش کیے گئے۔
شرکاء نے اس شاندار تقریب کے انعقاد پر سندھی ایسوسی ایشن آف یو اے ای کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی ایسے ثقافتی پروگرام منعقد کیے جاتے رہیں گے۔