نیو کراچی | 29 جنوری 2026
مونسپل کمشنر نیو کراچی ٹاؤن منور حسین ملاح نے شبِ برات کی آمد کے پیشِ نظر نیو کراچی ٹاؤن کے مختلف قبرستانوں کا دورہ کیا اور جاری بلدیاتی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دورے کا مقصد اس امر کو یقینی بنانا تھا کہ شہری اپنے مرحومین کی قبروں پر بلا رکاوٹ حاضری دے سکیں اور انہیں کسی بھی قسم کی دشواری یا پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
اس موقع پر مونسپل کمشنر کے ہمراہ ایڈیشنل سینیٹیشن ڈائریکٹر مشتاق خان، اسٹاف افسر محمد علی، ڈپٹی ڈائریکٹر باغات آفتاب، افسرِ باغات جاوید جمال، محکمہ ایم اینڈ ڈی کے XCN شفقت اور افسر عرفان شیخ بھی موجود تھے۔
مونسپل کمشنر منور حسین ملاح نے قبرستانوں میں صفائی ستھرائی، جھاڑیوں اور خود رو پودوں کی کٹائی، آمد و رفت کے راستوں کی ہمواری اور روشنی کے انتظامات کا موقع پر جائزہ لیا اور متعلقہ عملے کو فوری بہتری کی ہدایات جاری کیں۔
“شبِ برات پر عوام کو بنیادی بلدیاتی سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔”
— مونسپل کمشنر نیو کراچی ٹاؤن منور حسین ملاح
انہوں نے کہا کہ شبِ برات کے موقع پر شہری بڑی تعداد میں قبرستانوں کا رخ کرتے ہیں، اس لیے ٹاؤن انتظامیہ کی ذمہ داری ہے کہ عوام کو صاف، شفاف اور محفوظ ماحول فراہم کیا جائے۔
انہوں نے بتایا کہ قبرستانوں میں خصوصی صفائی آپریشن شروع کر دیا گیا ہے، جھاڑیوں اور خود رو پودوں کو کاٹا جا رہا ہے، ٹوٹی پھوٹی گزرگاہوں کو ہموار کیا جا رہا ہے جبکہ رات کے وقت بہتر روشنی کے لیے اضافی لائٹس بھی نصب کی جا رہی ہیں۔
“محدود وسائل کے باوجود شہریوں کو ریلیف دینے کے لیے بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔”
— مونسپل کمشنر منور حسین ملاح
مونسپل کمشنر نے مزید کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن کے ملازمین شب و روز عوام کی خدمت میں مصروف ہیں اور شبِ برات کے موقع پر فیلڈ میں موجود عملہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھے گا تاکہ کسی بھی شکایت پر فوری کارروائی کی جا سکے۔
آخر میں انہوں نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ عوام اس بابرکت رات کو مکمل عقیدت اور سکون کے ساتھ گزاریں اور اپنے پیاروں کی قبروں پر حاضری دے کر ایصالِ ثواب کریں۔