کراچی / کوئٹہ (پ ر)
عوام پاکستان پارٹی بلوچستان کے صوبائی کنوینئر سید امان شاہ نے بلوچستان کی موجودہ سیاسی، معاشی اور امن و امان کی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبہ اس وقت ایک انتہائی کٹھن اور نازک دور سے گزر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بدامنی کے بڑھتے ہوئے واقعات، بے روزگاری، مہنگائی اور بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی نے عام شہری کی زندگی کو اجیرن بنا دیا ہے، جبکہ عوام میں مایوسی اور بے یقینی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
“بلوچستان قدرتی وسائل سے مالا مال ہونے کے باوجود آج بھی پسماندگی کا شکار ہے، جس کی بنیادی وجہ عوام کو ان کے جائز حقوق سے محروم رکھنا اور فیصلوں میں شریک نہ کرنا ہے۔”
— سید امان شاہ
سید امان شاہ نے کہا کہ جب تک عوامی نمائندگی کو حقیقی اختیار نہیں دیا جائے گا اور وسائل کی منصفانہ تقسیم کو یقینی نہیں بنایا جائے گا، اس وقت تک صوبے کے حالات میں بہتری ممکن نہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ امن کے قیام کے لیے طاقت کے استعمال کے بجائے سیاسی مفاہمت، سنجیدہ مکالمہ اور عوامی شراکت کی ضرورت ہے۔ نوجوانوں کو روزگار، تعلیم اور ہنر کے مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے تاکہ وہ مایوسی اور انتہاپسندی کی طرف نہ جائیں۔
انہوں نے کہا کہ عوام پاکستان پارٹی بلوچستان کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور صوبے میں دیرپا امن، سماجی انصاف اور پائیدار ترقی کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرے گی۔
سید امان شاہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوام پاکستان پارٹی بلوچستان کے عوام کے حقوق کے تحفظ اور ان کی آواز ہر فورم پر بلند کرنے کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔