کراچی
پانچ فروری یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر ماڑی پور ٹاؤن میں ایک شاندار اور بھرپور ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس کی قیادت چیئرمین ماڑی پور ٹاؤن ہمایوں محمد خان، ٹاؤن وائس چیئرمین آصف کوثر اور میونسپل کمشنر جاوید قمر نے کی۔
ریلی میں عوام، علاقے کے معززین اور ٹاؤن کے ملازمین نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور کشمیری مسلمانوں کے ساتھ مکمل یکجہتی اور حمایت کا اظہار کیا۔ شرکاء کے جوش و جذبے نے اس ریلی کو ایک یادگار مظاہرہ بنا دیا۔
ریلی کے دوران “کشمیر بنے گا پاکستان” اور “آزادی، آزادی” کے نعروں سے فضا گونجتی رہی۔ ریلی کا آغاز نیٹی جیٹی پل سے ہوا اور اختتام گھاس بندر پر کیا گیا۔
ریلی کا مقصد بھارت کے غاصبانہ تسلط اور بدترین ریاستی تشدد کے خلاف اہلِ کشمیر کی آزادی کی جدوجہد کو اجاگر کرنا، کشمیری شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنا اور دنیا کو بھارت کا مکروہ چہرہ دکھانا تھا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ٹاؤن وائس چیئرمین آصف کوثر نے کہا کہ کشمیر پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ اس ریلی کا مقصد کشمیری مسلمانوں پر ہونے والے ظلم و جبر کو دنیا کے سامنے لانا اور یہ پیغام دینا ہے کہ پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے۔
چیئرمین ماڑی پور ٹاؤن ہمایوں محمد خان نے اپنے پرجوش خطاب میں کہا کہ جس صبر، استقامت اور حوصلے کے ساتھ کشمیری عوام اپنی آزادی کی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں، اس کی مثال پوری دنیا میں نہیں ملتی۔ کشمیر کی آزادی کی تحریک انسانی تاریخ کی ایک بے مثال جدوجہد ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس تحریک میں لاکھوں کشمیری مرد، خواتین، بچے اور بزرگ اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر چکے ہیں، لیکن اس کے باوجود ان کے حوصلے آج بھی بلند ہیں۔ انہوں نے آرمی چیف آف پاکستان سے اپیل کی کہ جس طرح گزشتہ برس بھارت کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا گیا، اسی طرح کشمیر سے بھارتی تسلط کے مکمل خاتمے کے لیے بھرپور کردار ادا کیا جائے۔
اس موقع پر میونسپل کمشنر جاوید قمر نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور یومِ یکجہتی کشمیر منانے کا مقصد اقوامِ متحدہ اور عالمی برادری کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کی جانب مبذول کرانا ہے۔