Peoples Tv Pakistan

منگھوپیر ٹاؤن میں یومِ یکجہتیٔ کشمیر کے موقع پر شاندار اور پُرامن ریلی

Kashmir Solidarity Day Rally Organized by Manghopir Town Municipal Corporation
ٹاؤن میونسپل کارپوریشن منگھوپیر
محکمہ اطلاعات و تعلقاتِ عامہ
پریس ریلیز
تاریخ: ۵ فروری، جمعرات ۲۰۲۶
Kashmir Solidarity Day rally organized by Manghopir Town Municipal Corporation under Chairman Haji Nawaz Ali Brohi

یومِ یکجہتیٔ کشمیر کے موقع پر ٹاؤن میونسپل کارپوریشن منگھوپیر کے زیرِ اہتمام، چیئرمین منگھوپیر ٹاؤن حاجی نواز علی بروہی کی خصوصی قیادت، واضح ہدایات اور براہِ راست نگرانی میں ٹاؤن آفس منگھوپیر سے ایک شاندار، منظم، پُرامن اور بھرپور ریلی نکالی گئی۔

ریلی کا بنیادی مقصد مظلوم کشمیری عوام کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار، ان کی جائز جدوجہدِ آزادی کی بھرپور حمایت اور عالمی سطح پر کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف آواز بلند کرنا تھا۔

ریلی میں میونسپل کمشنر منگھوپیر احمد یار، وائس چیئرمین منگھوپیر ٹاؤن رانا محمد عارف، مختلف سیاسی و سماجی شخصیات، ٹاؤن کے افسران، ملازمین اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

شرکاء نے کشمیری عوام کے حق میں بینرز، پلے کارڈز اور قومی و کشمیری پرچم اٹھا رکھے تھے، جبکہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے مظالم، انسانی حقوق کی پامالی اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے حق میں پُرجوش نعرے لگائے گئے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئرمین منگھوپیر ٹاؤن حاجی نواز علی بروہی نے کہا کہ کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی ایک حق، سچ اور اصولوں پر مبنی جدوجہد ہے، جسے دنیا کی کوئی طاقت دبا نہیں سکتی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ہر شہری، بالخصوص منگھوپیر ٹاؤن کے عوام، کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ دل، جان اور ضمیر کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔

حاجی نواز علی بروہی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ بطور چیئرمین منگھوپیر ٹاؤن مظلوم اقوام، خصوصاً کشمیری عوام کی آواز بن کر ہر قومی و بین الاقوامی فورم پر مؤثر کردار ادا کرتے رہیں گے۔

انہوں نے عالمی برادری، اقوامِ متحدہ، انسانی حقوق کے عالمی اداروں اور مہذب دنیا سے پرزور مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، ماورائے عدالت قتل، جبری گمشدگیوں، خواتین اور بچوں پر تشدد اور نہتے شہریوں کے خلاف ریاستی جبر کا فوری اور سنجیدہ نوٹس لیں۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری شہداء کی عظیم قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی اور کشمیری عوام کی جدوجہد ایک دن ضرور آزادی اور کامیابی سے ہمکنار ہوگی۔

ریلی کے دوران حاجی نواز علی بروہی کی قیادت میں نظم و ضبط، امن، اتحاد، قومی شعور اور یکجہتی کا مثالی مظاہرہ دیکھنے میں آیا، جسے عوامی، سماجی اور سیاسی حلقوں کی جانب سے بھرپور سراہا گیا۔

ریلی پُرامن، منظم اور باوقار انداز میں اختتام پذیر ہوئی، جس کے بعد کشمیری شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت ہر سطح پر مسلسل اور بھرپور انداز میں جاری رکھی جائے گی۔

ایک تبصرہ شائع کریں

جدید تر اس سے پرانی