سندھ انسٹیٹیوٹ آف اینیمل ہیلتھ کورنگی میں لائیو اسٹاک کے فروغ سے متعلق تفصیلی سیمینار
کراچی | اسٹاف رپورٹر
سندھ انسٹیٹیوٹ آف اینیمل ہیلتھ سنٹر کورنگی میں لائیو اسٹاک شعبے کی موجودہ صورتحال، درپیش چیلنجز اور مستقبل کے امکانات پر ایک تفصیلی سیمینار منعقد ہوا۔ سیمینار سے ڈائریکٹر جنرل لائیو اسٹاک نظیر حسین کلہوڑو نے کلیدی خطاب کیا۔
اپنے خطاب میں انہوں نے دودھ اور لائیو اسٹاک مصنوعات کی بڑھتی ہوئی طلب کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ “ایک وقت تھا جب دودھ میں پانی ملایا جاتا تھا، آج صورتحال یہ ہے کہ اگر پانی میں دودھ ملایا جائے تو بھی لوگ خریدنے کو تیار ہیں”۔
“یہ صورتحال مارکیٹ کی بڑھتی ہوئی طلب اور معیاری پیداوار کی اہمیت کو واضح کرتی ہے۔”
— ڈائریکٹر جنرل لائیو اسٹاک
ڈائریکٹر جنرل نے انکشاف کیا کہ نیشنل بینک آف پاکستان اور محکمہ لائیو اسٹاک سندھ کے درمیان ایک اہم معاہدہ طے پا چکا ہے، جس کے تحت بینک لائیو اسٹاک کے شعبے میں سرمایہ کاری کے لیے تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ لائیو اسٹاک دیہی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے اور اس شعبے میں سرمایہ کاری سے نہ صرف دودھ، گوشت اور دیگر مصنوعات کی پیداوار میں اضافہ ہوگا بلکہ بے روزگاری میں کمی اور کسانوں کی آمدن میں بھی بہتری آئے گی۔
سیمینار میں ماہرینِ لائیو اسٹاک، سرکاری افسران، بینکاری شعبے کے نمائندوں اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔ شرکاء نے تجویز دی کہ لائیو اسٹاک فنانسنگ کے لیے خصوصی پالیسی اور آسان قرضوں کی اسکیمیں متعارف کرائی جائیں۔
مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت، بینک اور نجی شعبہ باہمی تعاون سے لائیو اسٹاک کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کریں گے تاکہ غذائی تحفظ اور معاشی استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔